ڈیفنس شو کی یہ تقریب 6 سے 9 مارچ 2022 تک ریاض میں ہوگی۔ (فوٹو عرب نیوز)
ریاض میں منعقد ہونے والے سعودی عرب کے عالمی ڈیفنس شو کے لیے ایک خصوصی رن وے مختص کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس رن وے کی توقع سے زیادہ ضرورت کے پیش نظر ڈیفنس شو کے منتظمین کو نمائش کے علاقے کو وسعت دینے پر زور دیا جا رہا ہے۔
ڈیفنس شو کی یہ تقریب آئندہ سال 6 سے 9 مارچ تک ریاض میں ہوگی اور اس میں 800 سے زائد نمائش کنندگان حصہ لیں گے۔
شو میں حصہ لینے والوں میں 100 مقامی ڈیفنس کمپنیاں بھی شامل ہوں گی جس میں اعلیٰ فوجی وفود اور حکام شرکت کریں گے۔
منتظمین اس نمائش کے لیے انٹرنیشنل ڈیفنس کمپنیوں کے لیے 14500 مربع میٹر رقبے کا اضافہ کر رہے ہیں۔
ایک بیان کے مطابق نمائش کے لیے تیار کردہ 8 لاکھ مربع میٹر کا رقبہ مختص کیا گیا ہے جس میں ڈیفنس شو کے لیے دنیا کا پہلا رن وے شامل کیا گیا ہے۔ یہ خصوصی رن وے دسمبر2021 کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
یہ ڈیفنس شو سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز (جی اے ایم آئی) کے زیر اہتمام اور اس کی شراکت دار کمپنی سعودی عربین ملٹری انڈسٹریز (ایس اے ایم آئی) کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا۔
اس ورلڈ ڈیفنس شو میں پانچ دفاعی ٹیکنالوجی صلاحیتوں کا انضمام کیا جائے گا جس میں زمینی، فضائی، سمندری، خلائی اور سیکیورٹی کے صلاحیتیں شامل ہیں۔
اس تقریب کے چیف ایگزیکٹو افسر شوون آرمریڈ نے کہا ہے کہ یہ ڈیفنس شو دفاع سے متعلقہ تمام کمپنیوں کو پانچ دفاعی سطحوں پر اپنی صلاحیتوں کو بڑے پیمانے پر اجاگر کرنے کے لیے ایک جگہ پر یکجا کرے گا۔
سعودی ڈیفنس شو کی شاندار تقریب ہر دو سال کے وقفے کے بعد منعقد کی جاتی رہے گی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں