ابوظبی ٹریفک پولیس کا انتباہ ، ’سکول بس سے دور رہا جائے‘
نگرانی جدید سسٹم کے تحت ہوگی۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں ابوظبی پولیس نے ڈرائیوروں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں پر طلبہ کو اتارنے کے لیے جہاں بھی سکول بس رکیں اس سے دور رہا جائے۔ اس حوالے سے جدید طریقے سے نگرانی کی جائے گی۔
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی پولیس کے کیپٹن مرشد علی المرار نے کہا کہ سکول بس کی حفاظت کو یقینی بنانے میں تعاون تمام لوگوں کا فرض ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سڑک پر جب بھی سکول بس پر ’سٹاپ‘ کا سگنل لگا کر کھڑی ہو اس سے پانچ میٹر دور رہا جائے۔ اگر کسی ڈرائیور نے اس کی خلاف ورزی کی تو ایک ہزار درہم جرمانہ ہوگا علاوہ ازیں 10 ٹریفک پوائنٹس بھی کاٹے جائیں گے۔
ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ تمام گاڑیوں کی نگرانی الیکٹرانک اور جدید سسٹم کے تحت ہوگی۔
ابوظبی پولیس نے سکول بس ڈرائیوروں سے کہا کہ وہ جس جگہ بھی طلبہ کو اتارنے اورسوار کرانے کے لیے رکیں ’سٹاپ‘ لیور کھول دیں تاکہ بس کے پیچھے آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور کو معلوم ہوسکے۔
ابوظبی پولیس کاکہنا ہے ہائی ویز اور بڑی و اہم سڑکوں پر اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں