Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بانی تحریک انصاف عمران خان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں اپنا ووٹ ڈال دیا

اڈیالہ جیل کے حکام کا کہنا ہے کہ ’پوسٹل بلیٹ پر پولنگ کے لیے پولنگ سٹیشن بنایا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
عام انتخابات 2024 سے قبل اڈیالہ جیل میں قید اہم سیاسی شخصیات نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے، جن میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور شیخ رشید بھی شامل ہیں۔
جیل سپرنٹینڈنٹ اسد وڑائچ کا کہنا ہے کہ ’شاہ محمود قریشی اور چوہدری پرویز الٰہی کا ووٹ کاسٹ نہیں ہو سکا، جبکہ بشریٰ بی بی کا ووٹ بھی کاسٹ نہیں ہو سکا۔
جیل حکام کے مطابق ’مجموعی طور پر 15 قیدیوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جبکہ 40 قیدیوں کی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو لسٹ بھجوائی گئی تھی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کیا ہے جبکہ جیل انتظامیہ کی جانب سے مانگے گئے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے جواب میں صرف 15 پوسٹل بیلٹ ارسال کیے گیے۔
جیل حکام کا کا کہنا ہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو پوسٹل بیلٹ فراہم نہیں کیے گئے۔
قیدیوں نے جیل میں کیسے ووٹ کاسٹ کی؟
سینٹرل اڈیالہ جیل حکام نے بتایا ہے کہ ’پوسٹل بلیٹ پر پولنگ کے لیے جیل میں ایک مقام کو باقاعدہ پولنگ سٹیشن قرار دیا گیا تھا جبکہ عمران خان اور شیخ رشید نے اپنا ووٹ اپنے سیل میں ہی کاسٹ کیا۔‘
اڈیالہ جیل کے دیگر قیدیوں نے پوسٹل بلیٹ پر اپنا حق رائے دہی جیل کے پولنگ سٹیشن پر کاسٹ کیا۔
حکام کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’قیدیوں کو پولنگ سٹیشن پر ہی ووٹ کاسٹ کرنے کی تلقین کی جاتی ہے۔ کاسٹ شدہ ووٹ سربمہر حالت میں ڈی آر او الیکشن کمیشن کو ارسال کردیے گئے ہیں۔‘
پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کیسے کاسٹ کیا جاتا ہے؟
الیکشن کمیشن کی جانب سے پوسٹل بیلٹ ایک ایسی سہولت ہے جس کی مدد سے پولنگ سٹیشن پر جائے بغیر ووٹر اپنے حلقے میں ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں تاہم پاکستان میں یہ سہولت مخصوص لوگوں کے لیے ہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی و صوبائی سرکاری ملازمین اور ملک بھر کے قیدی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔ پوسٹل بیلٹ پیپر کے حصول کے لیے ووٹرکو درخواست ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افس ان کو بھجوانا ہوتی ہے۔ 
الیکشن کمیشن کے ملازمین اور پولنگ کا عملہ بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کر سکتا ہے۔ جیل کے قیدی اور زیر حراست ملزمان پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ہی ووٹ کاسٹ کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ معذوروں کا شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کے لیے بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت میسر ہے۔ مسلح افواج کے اہلکار اور ان کے اہل خانہ کو بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت دی گئی ہے۔

شیئر: