مسجد نبوی میں جمعہ نماز کے لیے تیاری مکمل
جمعرات 8 فروری 2024 14:26
’مسجد نبوی کی انتظامیہ نے زائرین کی خدمت پر مامور تمام شعبوں کی تیاری کا جائزہ لیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد نبوی میں کل نماز جمعہ کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ نے زائرین کی خدمت پر مامور تمام شعبوں کی تیاری کا جائزہ لے لیا ہے۔
مسجد نبوی کے اندر ، چھت اور بیرونی صحنوں میں نمازیوں کے لیے مناسب تعداد میں صاف اور پاک قالین بچھا دیئے ہیں۔
اسی طرح نمازیوں کی بڑی تعداد کے لیے مناسب تعداد میں مصحف رکھے گئے ہیں جبکہ بیرونی صحنوں میں اسی طرح کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔
بیرونی صحنوں میں ہوا کی مناسب آمد ورفت کے لیے تمام متحرک چھتوں کو کھول دیا گیا ہے تاکہ دھوپ کی حرارت قالینوں کو پہنچ سکے۔
زائرین مسجد نبوی کو زمزم فراہم کرنے والے ادارے نے بھی بڑی تعداد کے استقبال کے لیے بھر پور تیاری کر لی ہے۔
مسجد کی تمام راہداریوں میں زمزم کے 10 ہزار کولرمرد و خواتین کے مصلوں میں رکھے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں ایک مرتبہ استعمال کی جانے والی بوتلوں کی وافر مقدار کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔