ٹریونڈرم ، کیرلا۔۔۔۔۔کیرلا اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں مرکز کی طرف سے جانوروں کے ذبیحہ پر پابندی پر غور کرنے سے پہلے ارکان اسمبلی نے ناشتے میں گائے کا گوشت کھایا۔کئی ارکان اسمبلی ناشتے کیلئے اسمبلی کی کینٹین پہنچے۔جب اسمبلی کا اجلاس ہورہا ہوتا ہے تو عام طور پر کینٹین میں صبح 11بجے کے بعد گائے کے گوشت سے بنا سالن فروخت ہوتا ہے لیکن آج صبح ہی گائے کا گوشت پکایا گیا تھا۔ کیرلا کے وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں گائے کے گوشت پر مرکز کی طرف سے عائد پابندی پر نکتہ چینی کی۔خصوصی اجلاس میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ اس پابندی سے کیرلا بہت زیادہ متاثر ہوا ہے اور تقریباً5لاکھ افرادبے روزگار ہوجائیں گے۔ کیرلامیں سالانہ ڈھائی لاکھ ٹن گائے کا گوشت فروخت ہوتا ہے جس کی مالیت 6552کروڑ روپے ہے۔ اس کے علاوہ گائے کا گوشت برآمد بھی کیا جاتا ہے۔