Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی اسمبلی: 16 جیتنے والوں میں سے 11 امیدواروں کے ایک لاکھ سے زائد ووٹ

پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کے نتائج اگرچہ ابھی آنا شروع ہوئے ہیں لیکن قومی اسمبلی کے 265 میں سے اب تک سرکاری طور پر جاری ہونے والے 16 حلقوں میں سے 11 میں جیتنے والے امیدواروں نے ایک لاکھ سے اوپر ووٹ لیے ہیں۔
چکوال کے دو حلقوں میں جیتنے اور ہارنے والے چاروں امیدواروں نے ایک لاکھ سے زائد جب کہ لاہور کے حلقہ این اے 118 سے بھی جیتنے اور ہارنے والے دونوں امیدواروں کے ووٹ ایک لاکھ سے اوپر رہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے فارم 47 کے مطابق سب سے زیادہ ووٹ سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 199 گھوٹکی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار علی گوہر خان مہر نے حاصل کیے۔
انھوں نے ایک لاکھ 54 ہزار 832 ووٹ حاصل کیے۔ ان کے مدمقابل جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے عبدالقیوم نے 40 ہزار 204 ووٹ لیے یوں پی پی پی کے امیدوار ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد کی برتری سے کامیاب ہوئے۔
دوسرے نمبر پر پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 چکوال سے مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار غلام عباس نے ایک لاکھ 41 ہزار 680 ووٹ جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار رومان احمد نے ایک 29 ہزار 716 ووٹ لیے۔
تیسرے نمبر پر این اے 225 ٹھٹھہ سے جیتنے والے امیدوار صادق علی میمن کا تعلق بھی پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے جنھوں نے ایک لاکھ 40 ہزار 773 ووٹ لیے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے غلام رسول جاکھرو 28 ہزار 889 ووٹ حاصل کر سکے۔
خیبرپختونخوا کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 28 سے جمیعت علمائے اسلام پاکستان کے امیدوار نورعالم خان نے ایک لاکھ 38 ہزار 389 ووٹ لیے ان کے مدمقابل آزاد امیدوار نے ساجد نواز نے 65 ہزار 119 ووٹ لیے۔ نور عالم خان اب تک کی تیسری بڑی لیڈ یعنی 73 ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیاب ہوئے ہیں۔
این اے 195 لاڑکانہ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ایک لاکھ 33 ہزار 830 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ ان کے مدمقابل نے جی ڈی اے کے صفدر عباسی نے 48 ہزار 893 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 216 مٹیاری سے جیتنے والے امیدوار مخدوم جمیل الزماں کا تعلق بھی پیپلزپارٹی سے ہے جنھوں نے ایک لاکھ 24 ہزار 536 ووٹ حاصل کیے۔ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے بشیر احمد میمن نے 80 ہزار 439 ووٹ لیے۔
این اے 58 چکوال سے مسلم لیگ ن کے میجر ریٹائرڈ طاہراقبال نے ایک لاکھ 15 ہزار 975 ووٹ لیے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار ایاز امیر نے ایک لاکھ دو ہزار 537 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 19 صوابی سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ایک لاکھ 15 ہزار 635 ووٹ لیے جبکہ ان کے مد مقابل جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے فضل علی 45 ہزار 567 ووٹ حاصل کرسکے۔
این اے 10 بونیر سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور آزاد امیدوار بیرسٹر گوہر علی خان نے ایک لاکھ 10 ہزار 23 ووٹ لیے جبکہ ان کے مدمقابل عوامی نیشنل پارٹی کے عبداروف 30 ہزار 302 ووٹ حاصل کر سکے۔ یوں بیرسٹر گوہر علی خان 80 ہزار سے زائد ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب ہوئے جو تاحال ملک میں دوسری بڑی لیڈ ہے۔
این اے 118 لاہور سے مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے ایک لاکھ پانچ ہزار 960 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کی مدمقابل عالیہ حمزہ نے ایک لاکھ اور 803 ووٹ لیے۔
این اے 25 چارسدہ سے آزاد امیدوار فضل علی نے ایک لاکھ 713 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل اے این پی کے سربراہ ایمل ولی خان 68 ہزار 876 ووٹ حاصل کر سکے۔
 

شیئر: