دہشت گرد کی پردہ پوشی پر شہری کو سزائے موت
’اس نے دہشت گرد سے رابطے کئے اور ملاقاتیں بھی کیں حالانکہ اسے دہشت گرد کے تخریب کارانہ منصوبوں کا علم تھا‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے ایک دہشت گرد کی پردہ پوشی پر سعودی شہری کو سنائی جانے والی قتل کی سزا نافذ کردی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ’حسان بن ثابت بن عویضہ الزوبر نامی شہری کو موت سزا دی گئی ہے‘۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص نے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی پردہ پوشی کی تھی‘۔
’اس نے دہشت گرد سے رابطے کئے اور ملاقاتیں بھی کیں حالانکہ اسے دہشت گرد کے تخریب کارانہ منصوبوں کا علم تھا‘۔
’دہشت گرد کی تخریب کاری سے عسکری شعبے سے وابستہ ایک اہلکار ہلاک ہوا تھا‘۔
’مذکورہ الزامات کے باعث شہری کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے جہاں الزام ثابت ہونے پر اسے موت کی سزا سنائی گئی‘۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’آج ہفتے کو عدالت کے فیصلے کو نافذ کرتے ہوئے شہری کا سر قلم کردیا گیا ہے‘۔