بارش اور بہترین موسم میں ریاض میراتھن شروع
’میراتھن میں شرکت کے لیے کوئی قید نہیں، یہ سب کے لیے کھلا ہے‘ (فوٹو: سبق)
سعودی سپورٹس فیڈریشن کے تحت ہلکی بارش، ابو آلود مطلع اور بہترین موسم میں ریاض میراتھن مسابقہ آج ہفتے کو شروع ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میراتھن وزارت کھیل کی براہ راست سرپرستی میں منعقد کیا جارہا ہے جس کی آن لائن رجسٹریشن مکمل ہوچکی ہے جبکہ شرکا کو نمبر الاٹ کئے گئے ہیں۔
میراتھن میں معاشرے کے مختلف طبقات کی وسیع شرکت ہے جو ریاض اور دیگر شہروں سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔
میراتھن مقابلہ 42.2 کلو میٹر، 21.1 کلو میٹر، 10 کلو میٹر اور 4 کلو میٹر کا رکھا گیا ہے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’میراتھن میں شرکت کے لیے کوئی قید نہیں، یہ سب کے لیے کھلا ہے‘۔
’شوقیہ افراد کے لیے 21.1 کلو میٹر، 17 سال سے اوپر کے افراد کے لیے 10 کلو میٹر جبکہ عام افراد جن میں بچے بھی شامل ہیں 4 کلو میٹر رکھا گیا ہے‘۔
میراتھن کے ضمن میں متعدد تفریحی پروگراموں کا انعقاد ہوگا جبکہ میراتھن دیکھنے والوں کے لیے بھی دلچسپی کے متعدد ایوینٹ رکھے گئے ہیں۔