اردن میں فوجی تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دو فوجی ہلاک
اتوار 11 فروری 2024 17:27
مسلح افواج کی جنرل کمان نے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
اردن کا فوجی طیارہ معمول کی تربیتی مشق کے دوران گر کر تباہ ہونے سے دو فوجی پائلٹ ہلاک ہو گئے۔
عرب نیوز کے مطابق اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی پترا نے اتوار کو اس حادثے پر اردن کی فوج کے ترجمان کا بیان رپورٹ کیا۔
طیارہ حادثے کے فوری بعد میجر پائلٹ عمر عطا آبادی اور کیپٹن پائلٹ محمد عبداللہ خدیر کو حسین میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں دونوں فوجیوں کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
رائل جورڈینین ایئر فورس (آر جے اے ایف) کا یہ فوجی طیارہ کنگ حسین ایئر بیس سے تربیت کے دوران مفارق کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔
اردن کی نیوز ایجنسی پیٹرا نے مزید بتایا ہے کہ مسلح افواج کی جنرل کمان نے دونوں پائلٹوں کے اہل خانہ، دوستوں اور ان کے تربیتی ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔