Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نومنتخب آزاد امیدوار وسیم قادر مسلم لیگ ن میں شامل

حلقہ این اے 121 لاہور سے پاکستان تحریک امصاف کے حمایت یافتہ نومنتخب رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی لاہور کے سیکریٹری جنرل وسیم قادر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ہیں۔
وسیم قادر نے اتوار کو لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے ملاقات کی اور پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ 
مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 
ایک ویڈیو بیان میں وسیم قادر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ’میں حلقے کے عوام اور دوستوں کی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہا ہوں۔‘
مریم نواز نے وسیم قادر کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور انہیں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک باد دی۔
یاد رہے کہ وسیم قادر نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں حلقہ این اے 121 لاہور سے مسلم لیگ ن کے شیخ روحیل اصغر کو شکست دی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے مطابق ’وسیم قادر نے 78 ہزار 703 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدِمقابل مسلم لیگ ن کے شیخ روحیل اصغر 70 ہزار 597 ووٹ حاصل کرسکے۔‘
اس طرح وسیم قادر نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے یہ نشست 8 ہزار 106 ووٹوں کی برتری سے جیتی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات میں ’بلے‘ کا انتخابی نشان نہ ملنے پر پی ٹی آئی کے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے فارم 45 کے مطابق حلقہ این اے 121 لاہور کا نتیجہ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

سپریم کورٹ نے بھی ’بلے‘ کے نشان کے معاملے پر پی ٹی آئی کو ریلیف نہیں دیا جس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے اس کے امیدواروں کو مختلف انتخابی نشانات الاٹ کیے گئے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنے حمایت یافتہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی فہرست بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تھی جس میں ’منحرف رکن‘ وسیم قادر کا نام بھی شامل تھا اور ’وکٹیں‘ اُن کا انتخابی نشان تھا۔‘
پاکستان تحریک انصاف کا ردِعمل
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے پہلے ہی اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ ہمارے ارکان کی وفاداریاں تبدیل کرائی جا سکتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا منحرف ہونے والے نومنتخب رکنِ قومی اسمبلی وسیم قادر سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔‘

شیئر: