سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے اپنے وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچے۔ شاہ خالد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر نائب گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے انکا استقبال کیا ۔
ہالینڈ کے وزیر اعظم کو شاہی پروٹوکول میں ریاض کے قصر الیمامہ میں لے جایا گیا جہاں ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے انہیں مملکت میں خوش آمدید کہا ۔
اس موقع پر وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز ، وزیر اسپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل بن عبدالعزیز ، وزیر داخلہ شہمادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز ، وزیر نیشنل گارڈ شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز ، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبدالعزیز کے علاوہ ہالینڈ میں سعودی عرب کے سفیر زیاد العطیہ بھی موجود تھے۔
دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کا جائزہ لینے اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہالینڈ کے وفد میں قومی سلامتی کے مشیر ایڈریان ایسلسٹن ، سعودی عرب میں ہالینڈ کی سفیر جینٹ البرڈا اور مشرق وسطی و شمالی افریقہ کے ڈائریکٹر مارک گیرٹسن بھی موجود تھے۔