Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور قلندرز کی مسلسل تیسری شکست، سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز فاتح

ملتان سلطانز نے اپنے دونوں میچز میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس یل) کے نویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔ 
بدھ کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف 167 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔
ملتان سلطانز کی کامیابی میں کپتان محمد رضوان اور افتخار احمد نے اہم کردار ادا کیا۔ محمد رضوان نے 59 گیندوں پر 82 اور افتخار احمد نے 11 گیندوں پر 34 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز کو اننگز کے آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا۔ اوپنر ڈیوڈ ملان پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے فخر زمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
ملتان کے دوسرے بلے باز ریز ہنڈرکس نو اور یاسر خان آٹھ رنز بنا کر یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوئے تو لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو ٹیم کپتان محمد رضوان نے مستحکم کیا۔
رضوان نے اپنی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ملتان سلطانز کا کھیل میں کم بیک ممکن بنایا۔
میچ کے آخری دو اوورز میں افتخار احمد کے پانچ چوکوں اور دو چھکوں پر مشتمل جارحانہ بیٹنگ نے سلطانز کو مسلسل تیسری فتح سے ہمکنار کیا۔ 

محمد رضوان نے اپنی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی (فائل فوٹو:ا ے ایف پی)

اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو مقررہ 20 اوورز میں 167 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان دوسرے ہی اوور میں محمد علی کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں صرف دو رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
تاہم اس کے بعد ونڈر ڈوسن اور فخر زمان نے اننگز کو سنبھالا اور 90 سے زائد رنز کی شراکت داری میں تیزی سے سکور بنائے۔ ونڈرڈوسن 54 رنز کی شاندار اننگز کے بعد عثمان میر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ پکڑا کر پویلین لوٹ گئے۔
قلندرز کو تیسرا نقصان فخر زمان کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب وہ 41 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سکندر رضا 23 سکور بنا کر عثمان میر کو کیچ دے کر کریز سے واپس لوٹ گئے۔ 

پی ایس ایل کی تاریخ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز 18 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں ( فائل فوٹو: پی ایس ایل ایکس)

لاہور کے پانچویں کھلاڑی جہانداد خان 16 سکور پر رن آؤٹ ہوئے تو عبداللہ شفیق اور کارلوس بریتھ ویٹ کی 21 رنز کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو 166 رنز تک پہنچایا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ملتان سلطانز نے اپنے دونوں میچز میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دی۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ دونوں ٹیمیں 18 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر ہونے والے پچھلے 17 میچوں میں نو مرتبہ لاہور قلندرز نے میدان مارا جبکہ آٹھ مرتبہ ملتان سلطانز فاتح رہی۔

ملتان سلطانز کا سکواڈ

محمد رضوان(کپتان)،  ڈیوڈ ملان، ریزاہنڈرکس، خوشدل شاہ، افتخار احمد، یاسرخان، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی،شاہنواز دہانی ملتان کے سکواڈ میں شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کا سکواڈ

صاحبزادہ فرحان، ونڈر ڈوسن، عبداللہ شفیق، سکندر رضا، جارج لنڈے،  کارلوس بریتھ ویٹ، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان )، حارث رؤف، زمان خان سکواڈ کا حصہ ہیں۔

شیئر: