Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سونے سے پہلے کون سی چیزیں کھانے سے اجتناب کرنا چاہیے؟

ڈارک چاکلیٹ رات سونے سے قبل کھانے کے بجائے دوپہر کو کھانی چاہیے (فوٹو: فری پِک)
اچھی صحت کا دارومدار مناسب نیند پر ہے اور اسی طرح اچھی نیند اچھی صحت کی بھی ضامن ہے۔
ہم روزمرہ زندگی میں جو چیزیں کھاتے ہیں وہ بھی ہماری صحت اور نیند پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔
تحقیق سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ جنک فوڈ اور مضر صحت اشیا کھانے سے رات کو نیند پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اسی سلسلے میں انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے ایسی 10 کھانے کی چیزوں کی فہرست جاری کی ہے جنہیں سونے سے پہلے کھانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
آئیے جانتے ہیں وہ اشیا کون کون سے ہیں۔
مصالحے دار کھانے
مصالحے دار کھانوں سے سینے میں جلن اور تیزابیت ہو سکتی ہے جس سے نیند میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ رات کو سونے سے پہلے ہربل ٹی استعمال کریں یا دہی جیسی ہلکی پھلکی خوراک کھائیں۔
کیفین
کیفین ہمارے جسم میں گھنٹوں تک موجود رہ سکتی ہے۔ چائے یا کافی پینے کی وجہ سے نیند میں خلل پڑ سکتا ہے اسی وجہ سے سونے سے قبل ہربل ٹی یا گرم دودھ پینا چاہیے۔
الکحل کے استعمال سے پرہیز
الکحل والے مشروبات یا دوسری نشہ آور اشیا اگرچہ غنودگی کا باعث بنتی ہیں تاہم ان سے نیند میں بھی خلل پیدا ہوتا ہے۔ اسی لیے سونے سے قبل دودھ، پانی یا ہربل ٹی پئیں۔
 ہائی فیٹ فوڈ
جن کھانوں میں فیٹ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے انہیں ہضم کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اور اگر ان کے بعد سویا جائے تو انہضام میں دیر لگنے کی وجہ سے نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔ اس لیے سونے سے قبل پھل یا سبزیاں کھائیں اور زیادہ چربی والے کھانوں سے پرہیز کریں۔
میٹھی چیزیں کھانے سے پرہیز کریں
رات کو سونے سے قبل میٹھی چیزیں کھانے سے خون میں شوگر کی مقدار بڑھ جاتی ہے جس سے سونے میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ اسی وجہ رات سونے سے قبل میٹھا کھانے سے پرہیز کریں۔
 

کاربونیٹڈ ڈرنکس یعنی سافٹ ڈرنکس پینے سے گیس اور بدہضمی ہو سکتی ہے (فوٹو: فری پِک)

پرتکلف کھانے نہ کھائیں
رات سونے سے قبل پرتکلف کھانا کھانے سے پرہیز کریں۔ پرتکلف کھانے نیند میں خلل پیدا کرتے ہیں اسی وجہ سے سونے سے کچھ گھنٹے قبل ہلکا پھلکا عشائیہ کریں۔
جنک فوڈ
جنک فوڈ یعنی فاسٹ فوڈ میں بڑے پیمانے پر مضر صحت فیٹس اور مصنوعی اجزا ہوتے ہیں جن سے بدہضمی ہو سکتی ہے اور نیند متاثر ہوتی ہے۔ اسی لیے سونے سے قبل پھل یا سبزیاں کھانے کی کوشش کریں اور جنک فوڈ سے پرہیز کریں۔
کاربونیٹڈ ڈرنکس
کاربونیٹڈ ڈرنکس یعنی سافٹ ڈرنکس پینے سے گیس اور بدہضمی ہو سکتی ہے جس سے پرسکون نیند میں خلل پیدا ہوتا ہے۔ سونے سے قبل سادہ پانی پئیں یا قہوے کا استعمال کریں۔
 

جنک فوڈ یعنی فاسٹ فوڈ میں بڑے پیمانے پر مضر صحت فیٹس اور مصنوعی اجزاء ہوتے ہیں (فوٹو: فری پِک)

ہائی پروٹین فوڈ
پروٹین سے بھرپور کھانے ہضم مشکل سے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے نیند کا معیار خراب ہوتا ہے۔ سونے سے قبل کم پروٹین والے کھانے کھائیں یا مٹھی بھر مونگ پھلی کھائیں۔
ڈارک چاکلیٹ
ڈارک چاکلیٹ میں امینو ایسڈ اور کیفین پائی جاتی ہے۔ چاکلیٹ میں پائے جانے والے امینو ایسڈ کی وجہ سے رات بھر نیند نہیں آتی جس کے باعث اگلے دن مشکلات پیش آتی ہیں۔ انرجی لیولز کے زیادہ ہونے کے باعث ڈارک چاکلیٹ کو رات سونے سے قبل کھانے کے بجائے دوپہر کو کھانا چاہیے۔

شیئر: