Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان سلطانز کو شکست، پشاور زلمی پانچ رنز سے کامیاب

پشاور زلمی کی پی ایس ایل کے رواں ایونٹ میں یہ پہلی فتح ہے (فائل فوٹو: پشاور زلمی ایکس اکاؤنٹ)
پی ایس ایل 9 کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو پانچ رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔
جمعے کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز 180 رنز کے تعاقب میں 174 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی اننگز

ملتان سلطانز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ان فارم کپتان محمد رضوان دوسرے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے لُوک وُڈ کی گیند پر محمد حارث کو کیچ تھما بیٹھے۔
یاسرخان 43 کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد سلمان ارشاد کی گیبند پر محمد حارث کو کیچ دے بیٹھے۔ ڈیوڈ ملان نے 25 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔
خوش دل شاہ، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی نے پے در پے وکٹیں گنوائیں تو پشاور کی فتح کی راہ ہموار ہو گئی۔
افتخار احمد کے دو چوکوں اور ایک چھکے نے ملتان سلطانز کو فتح کی امید دلائی، تاہم وہ نوین الحق کی پانچویں بال کو باؤنڈری کے پار پہنچانے کی کوشش میں کیچ آوٹ ہو گئے۔
آخری نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے کھلاڑی شاہنواز دھانی میچ کی آخری گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔  

پشاور زلمی کی اننگز

اوپنر صائم ایوب صرف سات رنز بنا کر شاہنواز دھانی کی گیند پر ریزا ہینڈرکس کو کیچ دے بیٹھے۔
پشاور زلمی کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب بابر اعظم 31 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ حسیب اللہ خان 37 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد اسامہ میر کا شکار بنے۔
محمد حارث 19 جبکہ پال والٹر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رومن پاول کے 23، آصف علی کے 13 اور لُوک وڈ کے 17 رنز نے ٹیم کا مجموعی سکور 179 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
 ملتان سلطانز کے اسامہ میر،  ڈیوڈ وِلی اور محمد علی دو دو جبکہ شاہنواز دہانی اور عباس آفریدی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ملتان سلطانز کی پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں یہ پہلی شکست ہے۔ اس سے قبل کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گئے میچز میں ملتان سلطانز نے فتح سمیٹی تھی۔
اس سے قبل پشاور زلمی کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز چھ پوائنٹس کے ساتھ  پہلے نمبر پر ہے جبکہ پشاور دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔

شیئر: