Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: شاداب خان نے شکست کی ذمہ داری ’ڈی آر ایس‘ پر ڈال دی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو 34 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے (فوٹو: پاکستان سپر لیگ انسٹاگرام)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعرات کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 139 رنز کے ہدف کو 18.2 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان رائلی روسو 34 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے جبکہ جیسن روئے نے 37 اور شرفین ردرفورڈ نے 29 رنز بنائے۔
اس میچ کے اختتام پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کی جانب سے ڈی آر ایس ٹیکنالوجی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جس کے بعد ٹورنامنٹ میں ایک نئی بحث نے جنم لے لیا ہے۔
ہوا کچھ یوں کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 11ویں اوور کی آخری گیند پر آغا سلمان کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلنے کی ناکام کوشش میں رائلی روسو کو آن فیلڈ امپائر علیم ڈار نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا۔
علیم ڈار کی جانب سے آؤٹ دیے جانے کے بعد رائلی روسو نے ریویو لیا جس میں بال ٹریکنگ میں امپیکٹ آؤٹ سائیڈ اور ہٹنگ مسنگ کا نتیجہ سامنے آیا اور یوں یہ امپائر کو یہ فیصلہ تبدیل کر کے رائلی روسو کو ناٹ آؤٹ دینا پڑا۔
اس بارے میں شاداب خان نے میچ کے بعد یہ الزام لگایا کہ ریویو میں کوئی اور گیند دکھائی گئی ہے اور ڈی آر ایس میں خرابی ہے۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال سے ہم ٹیکنالوجی کی خرابی کی وجہ سے ہارے ہیں۔ ریویو میں کوئی اور گیند دکھائی گئی۔ میں نے بطور لیگ سپنر چار اوورز کروائے ہیں، تب گیند اتنی نہیں گھوم رہی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس نے آؤٹ سائڈ آف سٹمپ (امپیکٹ) کر دیا اور مسنگ (ہٹنگ) بھی کر دیا۔ میرے خیال سے ایسے بڑے ٹورنامنٹ میں ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہییں۔‘
شاداب خان کے اس بیان کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف عبدالرافع لکھتے ہیں کہ ’شاداب سرعام ڈی آر ایس پر تنقید کر رہے ہیں۔ اس بات کی تحقیقات کرنی چاہیے۔ حکامِ بالا اس چیز کا نوٹس لیں۔‘
 

(فوٹو: سکرین شاٹ)

بہرام قاضی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’مجھے تو یہ آؤٹ لگا تھا۔ اب یہ نہیں پتا کہ ڈی آر ایس کے ساتھ کیا مسئلہ ہے لیکن رائلی روسو کو ایک اور زندگی مل گئی۔ شاداب خان اس سے خوش نظر نہیں آرہے۔‘
 

فوٹو: سکرین شاٹ

ایکس صارف محمد نعمان نے تبصرہ کیا کہ ’شاداب خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شکست کا الزام ڈی آر ایس پر لگایا ہے۔‘
’شاداب خان نے کہا ہے کہ ڈی آر ایس میں کوئی اور گیند دکھائی گئی ہے اور ایسا پی ایس ایل میں نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ ایک بڑی لیگ ہے۔‘
 

(فوٹو: سکرین شاٹ)

ثاقب شاہ اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’میچ کے بعد انٹرویو میں شاداب کھلے عام ڈی آر ایس پر الزام لگا رہے ہیں لہٰذا اس سے ڈی آر ایس ٹیکنالوجی پر اگلے کچھ دنوں میں اچھی بحث ہوگی اور سچ بتاؤں تو اس کی تحقیقات ہونی چاہیے کیونکہ بڑی تعداد میں لوگوں نے اس پر شکوک ظاہر کیے ہیں۔‘
 

(فوٹو: سکرین شاٹ)

 

شیئر: