سیاحتی سیکٹر میں 45 فیصد ملازمین سعودی خواتین ہیں، شہزادی ھیفاء
جمعرات 29 فروری 2024 20:09
سیاحتی شعبے میں بھی ٹیکنالوجی کا استعمال اہم ثابت ہوگا(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب کی نائب وزیرسیاحت شہزادی ھیفاء بنت محمد بن سعود کا کہنا ہے کہ سیاحتی سیکٹرمیں 45 فیصد خواتین خدمات انجام دے رہی ہیں جبکہ اس شعبے میں ملازمین کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 52 ہزار کے قریب ہے۔
اخبار 24 کے مطابق شہزادی ھیفاء نےریاض میں منعقدہ ہیومن کیپبلیٹی انیشیٹیو کانفرنس میں منعقدہ ایک مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں 33 فیصد ملازمتین جدید ٹیکنالوجی کی سمت میں منتقل ہورہی ہیں۔
ضرورت اس امرکی ہے کہ ہمیں ہر میدان میں وقت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاحتی شعبہ میں ٹیکنالوجی کا کافی اہم کردار ہوگا جس کے بعد مستقبل میں اس حوالے سے کئی میدان سامنے آئیں گے۔
شہزادی ھیفاء نے سیاحتی سیکٹر میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے کی جانے والی سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے مستقبل کی ضرورت قرار دیا۔