Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم تاسیس کے حوالے سے سیاحتی کمیٹی کا نیا سلوگن ، ’جاو قبل کہ وہ چلی جائے‘

مملکت میں سیاحتی سیزن کا اختتام مارچ میں ہوگا(فوٹو، ایس پی اے)
مملکت میں موسم سرما کے اختتامی مرحلے میں سعودی سیاحتی کمیٹی نے یوم تاسیس کے حوالے سے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے نیا سلوگن متعارف کرایا ہے۔
 العربیہ نیوز کے مطابق سیاحتی کمیٹی نے ’روح قبل لا یروح‘ کے عنوان سے سلوگن جاری کیا ہے جس کے معنی ہیں’جاو قبل کہ وہ چلی جائے‘۔
جاری مہم میں عوام کو موسم سرما کے آخری ایام میں ہونے والی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا جارہا ہے جس میں یوم تاسیس، ریاض سیزن، فارمولا ون، کنگ عبداللہ اکانومک سٹی اور الدرعیہ سیزن کی سرگرمیاں شامل ہیں جو کہ مقامی وغیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
دوسری جانب محکمہ سیاحت کی تشہیری مہم کو میڈیا اور سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر محکمہ سیاحت کی تشہیری مہم سعودی عرب میں ٹرینڈ کررہی تھی، جبکہ صارفین کی بڑی تعداد نے موسم سرما سے متعلق مملکت کے مختلف حصوں میں جاری سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے سردیوں کے ختم ہونے سے پہلے ان سے لطف اندوز ہونے پر زور دیا۔

 موسم سرما میں 17 ہزار سے زائد تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

واضح رہے کہ رواں سال سعودی وینٹر سیزن میں ہر عمر کے افراد کے لیے 17 ہزار مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ موسم سرما کے سیاحتی  سیزن کا اختتام مارچ میں ہوگا۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کی جانب سے غیرملکیوں کے لیے ویزا سہولیات کے باعث رواں سال سعودی عرب میں موسم سرما کے دوران مذہبی اور تفریحی سیاحوں کی آمد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا۔
سعودی عرب میں سیاحت سے متعلق مزید معلومات https://www.visitsaudi.com/ar سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ 
 
 

شیئر: