الیکشن کمیشن کی جانب سے صدارتی الیکشن کا شیڈول جاری، پولنگ 9 مارچ کو ہوگی
حکمران اتحاد نے صدر کے عہدے کے لیے آصف علی زرداری کو امیدوار نامزد کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی خالی نشستوں پر الیکشن اور صدراتی انتخاب کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق صدارتی الیکشن 9 مارچ کو ہوگا۔
امیدوار اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں پریذائیڈنگ افسروں کو اپنے کاغذات نامزدگی سنیچر کی دوپہر 12 بجے تک جمع کرا سکیں گے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال پیر کو ہو گی، امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی منگل تک واپس لے سکیں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی حتمی فہرست اسی روز آویزاں کی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی پیر 4 مارچ کو کی جائے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ’سینیٹ کی خالی نشستوں پر پولنگ 14 مارچ کو کرائی جائے گی۔‘
مسلم لیگ ن سمیت حکمران اتحاد نے صدر کے عہدے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پارلیمنٹیرینز) کے صدر آصف زرداری کو امیدوار نامزد کیا ہے۔
یاد رہے کہ آصف زرداری اس سے قبل 2008 سے 2013 تک بھی صدر مملکت کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
دوسری جانب سنی اتحاد کونسل نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔
پاکستان کے موجودہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نئے صدر کے انتخابی تک اس عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔