چھوٹے کپ میں کافی فروخت نہ کرنے پر کیفے کے خلاف کارروائی
کیفے نے زیادہ منافع حاصل کرنے کے لیے چھوٹے کپوں کو چھپا دیا تھا ( فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ریاض میں وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے کافی شاپ میں اضافی آمدنی کے لیے چھوٹے کپ نہ رکھنے پر جرمانہ کر دیا۔
کافی شاپ میں صارفین کو بڑا اور درمیانہ کپ خریدنے پر مجبور کیا جاتا تھا۔ کافی شاپ کے ملازمین کا کہنا تھا کہ چھوٹے کپ ختم ہو گئے ہیں اس لیے وہ بڑے کپ میں ہی کافی فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق ریاض میں وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیم کو اطلاع ملی کہ علاقے میں قائم ایک کیفے میں کافی کے لیے چھوٹے کپ فراہم نہیں کیے جاتے جس کی وجہ سے صارفین کو بڑے کپ پر اضافی رقم ادا کرنی پڑتی ہے۔
وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے کیفے کا دورہ کیا جہاں چھپا کر رکھے گئے بڑی تعداد میں موجود چھوٹے کپ برآمد کر لیے۔
وہاں موجود صارفین نے وزارت کی ٹیم کو بتایا کہ کیفے میں کافی عرصے سے چھوٹے کپ میں کافی دینا بند کر دی تھی۔
صارفین کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی چھوٹا کپ طلب کیا جاتا تو یہی جواب ملتا کہ کپ ختم ہو گیا ہے۔ انہیں بحالت مجبوری بڑے یا درمیانے سائز کے کپ میں کافی لینا پڑتی تھی جس کی قیمت بھی زیادہ ہوتی ہے۔
وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے کافی شاپ کے مالک کے خلاف کارروائی کی اور انہیں اس امر کا پابند بنایا کہ وہ صارفین کی طلب کے مطابق کافی کے کپ فراہم کریں۔