ویلنگٹن ٹیسٹ: آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 172 رنز سے شکست دے دی
ویلنگٹن ٹیسٹ: آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 172 رنز سے شکست دے دی
اتوار 3 مارچ 2024 12:18
کیمرون گرین نے اپنی اننگز میں 275 گیندیں کھیل کر 23 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 174 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)
ںیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 172 رنز سے شکست دے دی۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 369 رنز کے ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 196 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں رچن رویندرا نے 59، ڈیرل مچل نے 38 اور سکاٹ کگیلیجن نے 26 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے دوسری اننگز میں نیتھن لائن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوش ہیزل وُڈ نے دو اور ٹریوس ہیڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 164 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں نیتھن لائن نے 41، کیمرون گرین نے 34 اور ٹریوس ہیڈ نے 29 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں گلین فلپس نے پانچ، میٹ ہینری نے تین جبکہ ٹم ساؤتھی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں کیمرون گرین کی 174 رنز کی اننگز کے بدولت 383 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے دوسری اننگز میں نیتھن لائن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
کیمرون گرین نے اپنی اننگز میں 275 گیندیں کھیل کر 23 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 174 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں گلین فلپس 71 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔
میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر کیمرون گرین کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔
پہلے ٹیسٹ میں فتح کے بعد آسٹریلیا نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی جبکہ سیریز کا دوسرا میچ 8 مارچ سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔