Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تاج محل تک میٹرو کی سواری کا لطف اٹھائیں‘، آگرا میٹرو ٹرین کا افتتاح

وزیراعظم نریندر مودی نے اس میٹرو ٹرین کی تعمیر کا سنگ بنیاد 7 دسمبر 2020 کو رکھا تھا اور اسے 23 مہینے میں مکمل کیا گیا۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو آگرہ میٹرو ٹرین کا آن لائن افتتاح کیا۔
تقریب کے بعد اتر پردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور دیگر رہنماؤں نے میٹرو ٹرین پر تاج محل سٹیشن سے تاج محل ایسٹ سٹیشن تک افتتاحی سفر کیا۔
اب اترپردیش آنے والے سیاحوں کو محبت کی نشانی تاج محل تک آرام دہ میٹرو ٹرین کی سہولت میسر ہوگی۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعرات سے اس 6 کلومیٹر کے کوریڈور پر میٹرو ٹرین سروس شہریوں کے لیے دستیاب ہوگی۔
اس کوریڈور پر تاج محل ایسٹ سٹیشن، کیپٹن شبھام گپتا سٹیشن، فتح آباد روڈ سٹیشن، تاج محل سٹیشن اور مان کمیشور ٹیمپل سٹیشن ہوں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کلکتہ سے آن لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کیا جس میں تین انڈر گراؤنڈ اور اتنے ہی ایلویٹڈ سٹیشن تمعیر کیے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ آگرا میٹرو شہر کے باسیوں اور سیاحوں کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرے گی۔
’آگرا اتر پردیش کے قدیم ترین شہروں میں سے ہے۔ یہ ’براج بھومی‘ کا حصہ ہے۔  شیوا جی مہاراج کی بہادری کی کہانیاں اس شہر سے منسوب ہیں۔‘
وزیر اعلی نے اس منصوبے کے پہلے مرحلے کو بروقت مکمل کرنے پر اترپردیش میٹرو ریل کارپوریشن کی تعریف کی۔

اب اترپردیش آنے والے سیاحوں کو محبت کی نشانی تاج محل تک آرام دہ میٹرو ٹرین کی سہولت میسر ہوگی۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)

وزیراعظم نریندر مودی نے اس میٹرو ٹرین کی تعمیر کا سنگ بنیاد 7 دسمبر 2020 کو رکھا تھا اور اسے 23 مہینے میں مکمل کیا گیا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ‘میں آگرا میٹرو کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں  اور شہر کے لوگوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں دیگر منصوبے بشمول سول انکلیئو اور گنگا جل کی تعمیر بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے جو کہ آگرا کو آئی ٹی کا مرکز بنائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آگرا میٹرو کے افتتاح کے بعد اترپردیش سب سے زیادہ میٹرو ٹرین رکھنے والی ریاست بن گئی ہے جس کے شہروں بشمول لکھنئو، غازی آباد، نوائیڈا، گریٹر نوائیڈا اور کانپور میں میٹرو ٹرین چل رہے ہیں۔

شیئر: