انڈیا میں ہسپانوی سیاح سے اجتماعی زیادتی کے الزام میں تین افراد گرفتار
پولیس نے کہا ہے کہ مزید ملزمان کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پولیس نے دو غیرملکی سیاحوں پر حملے اور خاتون سے اجتماعی زیادتی کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ چار دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے ضلع ڈمکا کے سپرنٹنڈنٹ پیتامبر سنگھ کھیروار کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں سات افراد ملوث ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد میں سے ایک نے حکام کو اس واقعے میں ملوث دیگر افراد کے نام بتائے ہیں جبکہ فرانزک سائنس لیبارٹری بھی اس معاملے میں مدد کر رہی ہے۔
ضلع ڈمکا کی پولیس کو مقامی وقت کے مطابق جمعے کی شب 11 بجے کے قریب سڑک کے کنارے ہسپانوی شہری ملے تھے جن پر تشدد ہوا تھا۔
ہسپانوی ٹی وی چینل انٹینا تھری کو اپنی شناخت ویسینٹے اور فرنینڈا کے نام سے کرنے والے جوڑے نے سنیچر کو ایک ویڈیو انٹرویو میں کہا تھا کہ ان لوگوں نے فرنینڈا کو ریپ کیا اور ویسینٹے کو بار بار مارا پیٹا۔
جوڑے کا کہنا ہے کہ انہوں نے جس جگہ عارضی کیمپ لگایا تھا وہاں ان پر حملہ کیا گیا کیونکہ ان کو آس پاس کے علاقے میں ہوٹل نہیں ملا تھا۔
فرنینڈا جو برازیل اور سپین کی شہریت رکھتی ہیں، کا کہنا ہے کہ ’انہوں نے میرا ریپ کیا۔ انہوں نے باری باری کیا جبکہ کچھ دیکھ رہے تھے۔‘
سپین کی وزارت خارجہ نے اتوار کو کہا تھا کہ وہ علاقے میں اپنا عملہ بھیج رہے ہیں اور حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ برازیل کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس نے نئی دہلی میں اپنے سفارت خانے کے ذریعے برازیلی شہری سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور وہ ہر ممکن مدد کے لیے دستیاب ہے۔
انڈیا کے سیاحتی سفر پر آیا یہ جوڑا جنوبی ایشیا میں بائیک پر سفر کر رہا ہے اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے سفر کی ویڈیوز شیئر کرتا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بنگلہ دیش سے دو موٹر سائیکلوں پر سوار اس جوڑے نے بہار سے ہوتے ہوئے نیپال پہنچنا تھا۔
28 برس کی فرنینڈا نے سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ہمارے ساتھ ایسا کچھ ہوا ہے جو ہم نہیں چاہیں گے کہ کسی کے ساتھ ایسا ہو۔ سات مردوں نے مجھے ریپ کیا۔‘
انہوں نے بعد میں سوشل میڈیا سے ایک ویڈیو بھی ڈیلیٹ کر دی اور کہا کہ جھارکنڈ پولیس نے ان سے کہا ہے کہ تفتیش متاثر نہ کریں۔
فرنینڈا نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر لکھا تھا کہ وہ ویڈیو دوبارہ پوسٹ کریں گی۔