Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76 رنز سے شکست، پشاور زلمی پلے آف مرحلے میں

گلیڈی ایٹرز کے سپنر عقیل حسین نے 16ویں اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے ہیٹرک کی (پی سی بی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری نویں ایڈیشن کے 25ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اس طرح پشاور زلمی ملتان سلطانز کے بعد پی ایس ایل 9 کے پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔
جمعے کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 197 رنز کے ہدف کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 17.5 اوورز میں 120 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سعود شکیل نے 24، جیسن روئے نے 16 اور عقیل حسین نے 14 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی طرف سے صائم ایوب، لیوک وُڈ اور مہران ممتاز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ہدف کے جواب میں مثبت اور پراعتماد آغاز کیا جس میں سعود شکیل اور جیسن روئے نے آسانی سے رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان 46 کے مجموعی سکور پر ہوا جب سعود شکیل 24 رنز بنا کر مہران ممتاز کا شکار بن گئے۔
پشاور زلمی نے دوسری کامیابی بھی جلد حاصل کر لی اور جیسن روئے کو لیوک وُڈ کی گیند پر 16 کے انفرادی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی رُوسو کا بیٹ زلمی کے خلاف بھی خاموش رہا اور وہ ساتویں اوور کی دوسری گیند پر صائم ایوب کی میچ میں پہلا شکار بن گئے۔
 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر سعود شکیل 24 رنز بنا کر مہران ممتاز کا شکار بن گئے (فوٹو: پی سی بی)

رائلی رُوسو کے آؤٹ ہونے کے تین گیندوں بعد صائم ایوب نے خواجہ نافع کو بھی صرف ایک رن پر آؤٹ کر دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پانچویں وکٹ لاؤری ایونز کی صورت میں گری جب وہ عامر جمال کی گیند پر روومان پاول کے عمدہ کیچ کی بدولت آؤٹ ہوگئے۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا گیا اور عقیل حسین 14 رنز بنا کر لیوک وُڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اگلے ہی اوور میں عمیر بن یوسف 10 کے انفرادی سکور پر نوین الحق کا شکار بن گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عامر تھے جو مہران ممتاز کی گیند پر 114 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
پشاور زلمی نے آخری دو وکٹیں حاصل میں بھی دیر نہ کی  اور سہیل خان کو 7 اور ابرار احمد کو صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

پشاور زلمی کے صائم ایوب نے ایک اوور میں دو وکٹیں لے کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا (فوٹو: پی سی بی)

اس سے قبل جمعے کی شام کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پشاور زلمی نے 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 196 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے بابر اعظم نے 53، ٹام کوہلر کیڈی مور نے 33 اور صائم ایوب نے 30 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین نے ہیٹرک کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سہیل خان اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کی اننگز
بابر اعظم اور صائم ایوب کی جانب سے پشاور زلمی کی اننگز کا جارحانہ آغاز کیا گیا۔
دونوں بیٹرز نے محمد عامر اور سہیل خان کے خلاف جارحانہ شاٹس کھیلیں۔
یہ اوپننگ جوڑی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے خطرناک بنتی جا رہی تھی کہ سہیل خان نے 30 کے انفرادی سکور پر صائم ایوب کو آؤٹ کر دیا۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد کریز پر بابر اعظم کا ساتھ نبھانے محمد حارث آئے جنہوں نے تحمل مزاجی سے اننگز کا آغاز کیا۔
دوسری وکٹ کے لیے بابر اعظم اور محمد حارث کے درمیان 25 گیندوں پر 47 رنزکی شراکت قائم ہوئی۔
 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے پہلی وکٹ سہیل خان نے حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوسری کامیابی آٹھویں اوور کی آخری گیند پر ملی جب محمد حارث 20 کے انفرادی سکور پر سنگل لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد پشاور زلمی کے نوجوان بیٹر حسیب اللہ بھی وکٹ پر زیادہ دیر ٹہرنے میں ناکام رہے اور ابرار احمد کی گیند پر صرف 6 رن بنا کر بولڈ ہوگئے۔
جمعے کی شام راولپنڈی کے میدان میں بابر اعظم ایک مرتبہ پھر سے اپنے روایتی موڈ میں نظر آئے اور اُنہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔
بابر اعظم نے گلیڈی ایٹرز کے بولرز کو خوب تگنی کا ناچ نچایا اور عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے ٹورنامنٹ کی چھٹی ففٹی بنانے میں کامیاب ہوئے۔
 

بابر اعظم 30 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے (فوٹو: اے ایف پی)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چوتھی کامیابی بابر اعظم کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ 30 گیندوں پر 1 چھکا اور 9 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کو پانچویں وکٹ ٹام کوہلر کیڈمور کی ملی جب وہ 33 کے انفرادی سکور پر محمد حسنین کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
گلیڈی ایٹرز کے سپنر عقیل حسین نے 16ویں اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے ہیٹرک کی۔
انہوں نے 16ویں اوور کی دوسری گیند پر عامر جمال کو پانچ رنز پر پویلین روانہ کیا جبکہ اگلی دو گیندوں پر مہران ممتاز اور لیوک وُڈ صفر رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
 
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ پشاور زلمی کا ایونٹ میں نواں میچ تھا۔
اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹورنامنٹ میں آج اپنا آٹھواں میچ کھیل رہی تھی۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف 23 مرتبہ آمنے سامنے آئیں۔
ان 23 میچوں میں پشاور زلمی کو 13 مرتبہ فتح حاصل ہوئی جبکہ 10 مرتبہ کامیابی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقدر بنی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جیسن روئے، سعود شکیل، خواجہ نافع، رائلی رُوسو (کپتان)، عمیر بن یوسف، لاؤری ایونز (وکٹ کیپر)، عقیل حسین، محمد حسنین، محمد عامر، ابرار احمد اور سہیل خان شامل تھے۔
پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پشاور زلمی کی ٹیم میں صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈ مور، حسیب اللہ خان، روومان پاول، عامر جمال، لیوک وُڈ، نوین الحق، مہران ممتاز اور خرم شہزاد شامل تھے۔

شیئر: