پی ایس ایل 9: سنیچر کو راولپنڈی میں بارش سے دونوں میچز متاثر ہونے کا خدشہ
میچ منسوخ ہونے پر میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری نویں ایڈیشن کے حوالے سے ایک بری خبر سامنے آئی ہے کہ سنیچر کو راولپنڈی میں ہونے والے دونوں میچز بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
سنیچر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے دو میچز کھیلے جانے ہیں۔
پہلے میچ میں دوپہر دو بجے لاہور قلندرز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا جبکہ دوسرا میچ شام سات بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ان میچوں سے قبل شائقین کے لیے بری خبر یہ سامنے آرہی ہے کہ راولپنڈی میں سنیچر کو بارش کا امکان ہے۔
جمعے کو دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد سنیچر کو بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گوگل کے مطابق سنیچر کو راولپنڈی میں بارش کا قوی امکان ہے۔
اُدھر بارش کے باعث جمعے کو ٹیموں کے پریکٹس سیشن بھی نہ ہو سکے۔
سنیچر کو ہونے والے دونوں میچوں کے لیے شائقین کو ایک ہی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے، لہٰذا اگر میچ بارش کے باعث منسوخ ہو جاتے ہیں تو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے مکمل ریفنڈ دیا جائے گا۔
تاہم اگر ایک میچ بھی ممکن ہوگیا تو ٹکٹوں کا ریفنڈ نہیں دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔