اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود کے ساتھ میچ کے دوران گرما گرمی پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو پاکستان سپر لیگ کے 24ویں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ ’شان بھائی کو تھوڑی غلط فہمی ہو گئی تھی جس پر وہ غصہ ہو گئے تھے۔‘
شاداب نے کہا کہ ’میچز کے دوران یہ سب چلتا ہے، اس میں کوئی اتنی بڑی بات نہیں ہے۔‘
Shadab Khan offers his thoughts on the Rawalpindi pitch and recounts his encounter with Shan Masood in the middle #IUvKK #PSL2024 #HBLPSL9 pic.twitter.com/7NItcxFESQ
— CricWick (@CricWick) March 7, 2024
شاداب خان اور کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود کے درمیان راولپنڈی میں پی ایس ایل 9 کے میچ کے دوران گرما گرمی دیکھنے میں آئی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں میں لفظی جنگ ہوئی جس پر آن فیلڈ امپائر کو مداخلت کرنا پڑی۔
یہ واقعہ 10 ویں اوور کے دوران ڈی آر ایس کے استعمال پر پیش آیا جب محمد نواز نے آغا سلمان کو بول کرواتے ہوئے ’کاٹ بیہائنڈ‘ کی اپیل کی تھی۔ شاداب کا خیال تھا کہ مسعود کے پاس ڈی آر ایس لینے کا وقت ختم ہو گیا ہے لیکن شان مسعود نے آغا سلمان کے خلاف ڈی آر ایس لے لیا۔ شاداب نے جب اس پر اعتراض کیا تو شان مسعود نے شاداب کو اس معاملے سے باہر رہنے کا کہا اور دونوں کھلاڑیوں میں جھگڑا دیکھنے میں آیا۔
Biggest rivalry in this season
Shadab Khan vs Shan Masood#HBLPSL9 pic.twitter.com/tYUTBxQFjr— (@Umair20476083) March 7, 2024
ڈی آر ایس رویو کے بعد معلوم ہوا کہ بال آغا سلمان کے پیڈ کو لگی ہے جس پر انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔
بعد ازاں میچ کے اختتام پر دونوں کھلاڑی ایک دوسرے سے گلے ملتے بھی دیکھے گئے تھے۔
سوشل میڈیا صارفین بھی اس واقعے پر تبصرے کرتے دکھائی دیے۔ ایک اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا گیا ’پی ایس ایل 9 کی پہلی لڑآئی‘۔
دوسرے صارف نے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاداب کے فینز شان مسعود کے خلاف احتجاج کرنے جاتے ہوئے۔‘
ایک اور میم میں شان مسعود کو کہتے دکھایا گیا کہ ’تمہیں ٹیسٹ ٹیم سے باہر نکال دوں گا،‘ جس پر شاداب جواب دیتے ہیں ’میں تو ٹیسٹ کھیلتا ہی نہیں۔‘
نور حیات نامی صارف نے میم شیئر کرے ہوئے لکھا جس میں دونوں کھلاڑی لڑ رہے ہیں کہ ’کون لائٹ بند کرنے کے لیے اٹھے گا۔‘
اس واقعے کے بعد جہاں سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار دیکھنے کو ملی وہیں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے بھی اپنے اکاؤنٹس سے کچھ یوں ٹویٹ کیا۔
ایک اور میم میں ایک صارف نے لکھا کہ ’شاداب خان: پلے آفس میں پہلے ہم پہنچیں گے۔ شان مسعود: لیکن کراچی پہلے ہم پہنچیں گے۔‘