پی ایس ایل 9: عجیب و غریب بولنگ ایکشن والے عثمان طارق کون ہیں؟
پی ایس ایل 9: عجیب و غریب بولنگ ایکشن والے عثمان طارق کون ہیں؟
جمعرات 7 مارچ 2024 15:42
عثمان طارق اب تک پی ایس ایل 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تین میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں (فائل فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں شریک چھ ٹیموں کے درمیان کانٹے کے مقابلے جاری ہیں۔
پی ایس ایل 9 میں شریک تمام ٹیموں میں جہاں انٹرنیشنل کرکٹرز شائقین کرکٹ کو اپنے ایکشن سے خوب محظوظ کر رہے ہیں وہیں مقامی نوجوان کرکٹرز بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
انہیں نوجوان پاکستانی کرکٹرز میں سے ایک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مسٹری سپنر عثمان طارق ہیں جنہیں عجیب و غریب بولنگ ایکشن کے باعث خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
عثمان طارق کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سری لنکن سپنر وانندو ہاسارنگا کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا تھا۔
نوجوان سپنر نے 2023 میں پروفیشنل کرکٹ میں قدم رکھا جہاں انہوں نے نیشنل ٹی20 کپ میں پشاور کی ٹیم کی نمائندگی کی لیکن اس ٹورنامنٹ میں وہ صرف ایک میچ ہی کھیل پائے۔
اس سے قبل عثمان طارق ڈومیسٹک ٹیم خیبر پختونخوا سیکنڈ الیون کی نمائندگی ٹی20 اور ٹیسٹ فارمیٹ میں کر چکے ہیں۔
عثمان طارق اب تک پی ایس ایل 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تین میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں جس میں انہوں نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اُن کے حوالے سے جمعرات کو ایک اہم خبر سامنے آئی کہ نوجوان سپنر کا بولنگ ایکشن مشکوک ہونے کے باعث رپورٹ ہوا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق عثمان طارق کا پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران ایکشن رپورٹ ہوا جس کے بعد وہ ایکشن درست ہونے تک پی ایس ایل میں مزید نہیں کھیل سکتے۔
عثمان طارق دائیں ہاتھ سے آف سپن بولنگ کرتے ہیں۔ وہ گیند کروانے سے قبل ایک مرتبہ رکتے ہیں اور پھر گیند کو پھینکتے ہیں۔
اس ایکشن کے حوالے سے شکوک ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ گیند کرواتے وقت اُن کے بازو میں خم پڑتا ہے۔
مسٹری سپنر اپنے منفرد ایکشن کے باعث جہاں خبروں کی زینت بنے وہیں سابق پاکستانی کرکٹرز بھی اُن سے کافی متاثر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ان کے بارے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ’اُن (عثمان طارق) کے پاس کیرم بال ہے اور مزید یہ کہ وہ بالکل صحیح گیند کرواتے ہیں۔‘
’اُن کی سپن بالکل ہلکی ہے جو کہ بیٹ کو چھوئے بغیر نکلنے کے لیے کافی ہے۔ دائیں ہاتھ کے بیٹرز کا ان کے خلاف بیٹنگ کرنا بہت مشکل ہے۔‘
خیال رہے کہ عثمان طارق کے ایکشن کے رپورٹ ہونے کے بارے میں اب تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔