’مریم نواز کے خلاف نامناسب بیان‘، ایف آئی اے نے رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کو طلب کر لیا
ہفتہ 9 مارچ 2024 13:49
ادیب یوسفزئی - اردو نیوز، لاہور
8 مارچ 2023 کو پولیس کریک ڈاؤن کے دوران پی ٹی آئی کارکن علی بلال (ظل شاہ) ہلاک ہوگئے تھے (فائل فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک)
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سنیچر کو پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار 14 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔
ایف آئی اے نے شعیب مرزا نامی شہری کی تحریری شکایت پر شاندانہ گلزار کو نوٹس جاری کیا ہے جس کی بنیاد پر ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر لاہور نے شاندانہ گلزار کو 14 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
ایف آئی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ’شاندانہ گلزار پر ریاستی حکام کے خلاف اشتعال انگیز اور عوام کو اکسانے کی مہم چلانے کا الزام ہے۔ ایف آئی اے نوٹس کے مطابق اگر شاندانہ گلزار حاضر نہ ہوئیں تو تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہیں ہے۔‘
اس سے قبل آج پنجاب اسمبلی کے باہر پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان اور صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ زاہد بخاری نے شاندانہ گلزار پر کڑی تنقید کی تھی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’شاندانہ گلزار نے مریم نواز کے خلاف نامناسب بات کی، شاندانہ گلزار پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے میں مصروف ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’شاندانہ گلزار پی ٹی آئی کی رکن ہیں نہ سنی اتحاد کونسل کی، ظل شاہ کی موت کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔ شاندانہ گلزار کے خلاف ایف آئی اے میں شکایت درج کرا دی ہے، ان کو اب ایف آئی اے انکوائری میں ثبوت دینے ہوں گے۔ ان کے پاس جو آڈیو ہے وہ دیں اس کا فرانزک کرایا جائے گا۔‘
یاد رہے کہ 8 مارچ 2023 کو لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے کریک ڈاؤن کیا تھا جبکہ اس دوران پی ٹی آئی کارکن علی بلال (ظل شاہ) ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور میں زمان پارک سے داتا دربار تک شیڈول ریلی کی منسوخی کے اعلان کیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ پارٹی کارکن علی بلال (ظل شاہ) کو ’پنجاب پولیس نے قتل‘ کردیا ہے۔ اس واقعے کے بعد وزیر اعلی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے مکمل غیر جانبدرانہ اور حقائق و شواہد پر مبنی انکوائری کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس واقعے کے چند روز بعد پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔ اس مقدمے میں یاسمین راشد، فواد چوہدری، فرخ حبیب اور محمود الرشید کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔
مقدمے میں علی بلال قتل کے شواہد مٹانے اور حقائق چھپانے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ تاہم بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے ظل شاہ قتل کیس میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی تھی۔
اب ایف آئی نے شاندانہ گلزار کو طلب کیا ہے۔ اعظمیٰ زاہد کے بقول ان کی جماعت نے شاندانہ گلزار کے الزامات کے پیش نظر ان کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے، تاہم ایف آئی اے نوٹس میں مبینہ آڈیو یا ظل شاہ کیس سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔