دارجلنگ۔۔۔۔مغربی بنگال کے شمالی پہاڑی علاقوں میں اتوار کو کسی قسم کے فساد کی کوئی خبر نہیں ملی۔ گورکھا جن مکتی مورچہ نے پیر سے غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ دارجلنگ میں پہنچے ہوئے سیاح اتوار کو وہاں سے نکلنے لگے۔جن مکتی مورچہ کے جنرل سیکریٹری روشن گری نے کہا ہے کہ پیر سے دارجلنگ میں تمام مرکزی و ریاستی حکومتوں کے دفاتر، بینک اور عدالتیں بند رہیںگی جبکہ اسکول ،ٹرانسپورٹ ،ہوٹل اور کھانے پینے کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ایک سیاح نے بتایا کہ علاقے میں غیر یقینی صورتحال ہے۔ ہم نہیں جانتے کہ پیر کے بعد یہاں کیا ہوگا ؟ اگرچہ مورچہ نے سیاحت کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے لیکن ہم آج اتوار کو ہی سلی گوڑی سے روانہ ہوجائیں گے۔ کچھ سیاح سکم جانا چاہتے ہیں۔ دارجلنگ سے آنیوالے کچھ سیاح اتوار کی صبح پہلے ہی کولکتہ پہنچ چکے ہیں۔