یوسف پٹھان بنگال سے انڈین پارلیمان کے لیے امیدوار نامزد، بی جے پی کو اعتراض
یوسف پٹھان بنگال سے انڈین پارلیمان کے لیے امیدوار نامزد، بی جے پی کو اعتراض
اتوار 10 مارچ 2024 17:33
ممتا بنرجی نے ریلی کے دوران مرکزی پارلیمان کے لیے اپنی پارٹی کے امیدواروں کا اعلان کیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈین ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتا بنرجی نے اپنی پارٹی کے لوک سبھا کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا ہے جن میں انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی یوسف پٹھان کا نام بھی شامل ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک بیان میں یوسف پٹھان نے لوک سبھا کے لیے امیدوار نامزد کیے جانے پر ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوامی نمائندوں کو ’غریب اور محروم طبقات‘ کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔
یوسف پٹھان نے کہا کہ وہ ٹی ایم سی فیملی کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اُن پر اعتماد کیا اور ان کو پارلیمنٹ میں عوام کی آواز بننے کے لیے امیدوار نامزد کیا۔
قبل ازیں ممتابنرجی نےریاست سے تمام 42 لوک سبھا سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم انڈیا کے سابق کرکٹر یوسف پٹھان ٹی ایم سی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کاالیکشن لڑ رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ یوسف پٹھان بہرام پور حلقہ سے الیکشن لڑیں گے۔
یوسف پٹھان نے ممتا بنرجی کی موجودگی میں ترنمول کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پٹھان کولکتہ کے بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ ریلی میں ترنمول کانگریس پارٹی کا سکارف پہنے ہوئے تھے۔
ممتا بنرجی نے ریلی کے دوران مرکزی پارلیمان کے لیے اپنی پارٹی کے امیدواروں کا اعلان کیا۔
41 سالہ سابق کرکٹرجن کا تعلق گجرات سے ہے، کا مقابلہ کانگریس کے ہیوی ویٹ ادھیر رنجن چودھری سے ہونے کا امکان ہےجو 1999 سے برہام پور سیٹ پر فائز ہیں۔
یوسف پٹھان نے ستمبر 2007 سے مارچ 2012 کے درمیان 57 ون ڈے اور 22 ٹی 20 میں انڈیا کی نمائندگی کی۔ وہ اپریل 2011 میں انڈین سرزمین پر 50 اوور کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے بھی رکن تھے۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری اس وقت بھی لوک سبھا میں بہرام پور حلقے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے ابھی تک بنگال میں امیدواروں کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم بتایا جاتا ہے کہ ادھیر رنجن چودھری جو پانچ بار رکن اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں، اس بار بھی اسی حلقے سے الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
لوک سبھا انتخابات کے لیے ترنمول کانگریس کے امیدواروں کی فہرست پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) نے اتوار کو کہا کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی پارٹی ’باہر سے لوگوں‘ کو لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بنگال بی جے پی کے سربراہ سکانتا مجمدار نے کہا کہ ٹی ایم سی کے امیدوار کیرتی آزاد اور یوسف پٹھان کا تعلق بنگال ریاست سے نہیں۔