Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: کراچی کنگز کو آخری میچ میں شکست، زلمی نے دو رنز سے میدان مار لیا

21 فروری کو پہلے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ کے سیزن نو کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو دو رنز سے شکست دے دی۔
پیر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔
ہدف کے  تعاقب میں کراچی کنگز مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا سکی۔ یوں کراچی کنگز کا آخری میچ میں شکست کے ساتھ پی ایس ایل نو کا سفر تمام ہوا۔ 
کراچی کنگز کی اننگز
148 رنز کے جانب میں کراچی کنگز نے تعاقب کا آغاز محتاط اور دھیمے انداز میں کیا۔ اوپنرز ٹم سیفرٹ اور جیمز ونس نے پہلے نو اوورز تک رنز بنائے۔
کراچی کنگز کو پہلا نقصان جیمز ونس کی صورت میں اس وقت ہوا جب ٹیم کے مجموعی سکور 61 رنز تھے۔ جیمز ونس 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد شان مسعود اور ٹم سیفرٹ اور شان مسعود بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکے۔

کراچی کنگز کی جانب سے ٹم سیفرٹ 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے (فوٹو: پی ایس ایل)

شان مسعود اپنی پرفارمنس دکھانے میں ناکام رہے۔ شان مسعود صفر جبکہ ٹم سیفرٹ 41 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

کیرون پولارڈ صرف ایک جبکہ شعیب ملک 25 گیندوں پر 22 رنز بنا کر نوین الحق کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

عرفان خان اور انور علی نے ٹیم کو میچ جتوانے کے لیے جان تو لگائی لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا۔

عرفان خان 39 اور انور علی 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے نوین الحق نے دو جبکہ عامر جمال، صائم ایوب اور لُوک وُڈ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پشاور زلمی کی اننگز

پشاور زلمی نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے چھ اوورز میں اوپنرز نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 55 رنز بنائے۔


پشاور زلمی کی طرف سے بابر اعظم 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے(فوٹو: پی ایس ایل)

پشاور زلمی کو پہلا نقصان صائم ایوب کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب وہ 18 گیندوں پر 19 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد محمد حارث 13 اور حسیب اللہ خان صرف ایک رنز بنا کر چلتے بنے۔
بابر اعظم 14 اوورز تک کریز پر ٹکے رہے۔
انہوں نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر وکٹ گنوائی۔
روومن پاؤل بھی 18 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد ٹام کوہلر کیڈمور نو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ لوک وُڈ صفر اورعامر جمال آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز پی ایس ایل نو کے پلے آف مرحلے کی دوڑ سے پہلے ہی باہر چکی ہے(فوٹو:پی ایس ایل)

کراچی کنگز کی جانب سے ڈینیئل سمس، زاہد محمود، عرفات منہاس اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کا رواں سیزن میں یہ آخری میچ تھا۔
دونوں ٹیمیں رواں سیزن میں دوسری مرتبہ آمنے سامنے تھیں۔
 اس سے قبل 21 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔

کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون

جیمز ونس، ٹائم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، شان مسعود (کپتان)، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، عرفان خان نیازی، انور علی، ڈینیئل سمس، عرفات منہاس، حسن علی اور زاہد محمود کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون

بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللہ خان، روومن پاؤل ، عامر جمال، لیوک ووڈ، نوین الحق، مہران ممتاز اور ایمل خان پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

شیئر: