ریاض ایئر 2025 کے وسط میں تجارتی آپریشنز کا آغاز کرے گی
2025 کی پہلی سہ ماہی میں ریاض ایئر کو بوئنگ طیارے مل جائیں گے (فوٹو عاجل)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ نے تصدیق کی ہے کہ 2025 کی پہلی سہ ماہی میں اسے بوئنگ طیارے مل جائیں گے۔
ریاض ایئر کے نائب صدر برائے کمیونیکیشن اینڈ مارکیٹنگ اسامہ النویصر نے کہا ہے کمپنی 2025 کے وسط میں تجارتی آپریشنز کا آغاز کرے گی۔
العریبہ بزنس کو انٹرویو میں بتایا کہ بوئنگ کمپنی سے 2025 کی پہلی سہ ماہی میں طیارے معاہدے کے مطابق ملیں گے۔
اسامہ النویصر نے مزید کہا کہ 2024 کمرشل آپریشن کی تیاری کا سال ہے اور کمپنی کو بوئنگ طیاروں کی فراہمی کے حوالے سے کوئی تشویش نہیں۔
مارچ 2023 میں ایئر لائن کے قیام کے پہلے سال 72 بوئنگ 9-787 طیاروں کی خریداری کا پہلا سودا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’کمرشل پروازوں کا ہمارا ہدف 2025 سے ہے۔ کمپنی کو طیارے وقت پر فراہم ہوں گے۔‘
پیرس اور دبئی ایئر شو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایئرشو میں ریاض ایئر کی شرکت نے کمپنی کے قیام اور آپریشن کے حوالے سے نمایاں اثرات ڈالے ہیں۔ ایئر شو کے دوران ریاض ایئر نے کئی معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔
اسامہ النویصر نے کہا کہ دنیا بھر کے بیشتر بین الاقوامی مقامات اور معروف دارالحکومتوں تک پہہنچنا ریاض ایئر کا ہدف ہے۔
یاد رہے کہ ریاض ایئر سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی کمپنی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں