بحرینی فوج کے کمانڈر کی جنرل عاصم منیر سے ملاقات، سکیورٹی صورتحال پر گفتگو
بحرینی کمانڈر نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستانی فوج کی کوششوں کو سراہا (فوٹو: آئی ایس پی آر)
بحرین کے نینشل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسٰی بن سلمان الخلیفہ نے پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے جنرل ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی ہے۔
سنیچر کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران دونوں عہدیداروں نے خطے میں سکیورٹی کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف ہونے والی کوششوں اور اس کے لیے تربیت کے تبادلے اور باہمی دلچسپی کے دوسرے امور پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دفاعی، سفارتی اور معاشی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے بحرین کے ساتھ فوجی تعلقات کو مزید بڑھانے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستانی فوج کے سربراہ نے سلامتی سے متعلق مسائل سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر شیخ محمد بن عیسٰی بن سلمان الخلیفہ نے دہشت گردی اور انتہاپسندی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی جانب سے ہونے والی کوششوں کو سراہا اور پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف بھی کی۔
انہوں نے بحرین کی جانب سے دفاع اور سلامتی سے متعلق شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔