ایک گھنٹے میں ایک لاکھ 18 ہزار زائرین کو ’سعی‘ کی سہولت
توسیع سے زائرین حرم کو اس وقت کافی راحت ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
مسجد الحرام میں تاریخ کی سب سے بڑی توسیع سے رمضان المبارک میں آنے والے عمرہ زائرین کو کافی سہولت ہو رہی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق رمضان المبارک کے دوران نہ صرف اندرون مملکت بلکہ دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عمرہ زائرین مکہ مکرمہ آتے ہیں۔
ادارہ امور حرمین کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ ’مسعی‘ کی گنجائش میں اضافہ ہونے سے فی گھنٹہ ایک لاکھ 18 ہزار عمرہ زائرین کو سعی میں سہولت ہو گئی ہے۔
مسجد الحرام میں تیسری سعودی توسیع سے قبل ’مسعی‘ کی چوڑائی 20 میٹر تھی اور اب 40 میٹر ہو گئی ہے جبکہ صفا اور مروہ کے درمیان راستے کی لمبائی 394 میٹر ہے۔ اگر سعی کے سات چکروں کا حساب لگایا جائے تو کل مسافت 2761.5 میٹر بنتی ہے۔
توسیع میں نہ صرف مسعی کو چوڑا کیا گیا ہے بلکہ بالائی منزلوں کا اضافہ اور ایک زیریں منزل بھی بنائی گئی ہے جس سے زائرین کی تعداد ان منزلوں پر تقسیم ہو جاتی ہے اور انہیں شدید ازدحام کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
مسجد الحرام کی منزلوں کی تعداد چار ہے اور مجموعی رقبہ 87 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں