Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فٹبالرز میچ کے دوران اپنی جرابوں میں سوراخ کیوں کرتے ہیں؟

ریئل میڈرڈ کے ساتھ پانچ مرتبہ چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل جیتنے والے گیرتھ بیل سنہ 2016 میں ایسا کرتے نظر آئے (فوٹو: انٹرنیٹ)
کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ دنیائے فٹبال کے بڑے نام میچ کے دوران اپنی جرابوں میں سوراخ کیوں کرتے ہیں؟ 
کیا ایسا کرنے کی کوئی سائنسی وجوہات ہیں یا کھلاڑی اپنا کوئی وہم دور کرنے کے لیے کرتے ہیں؟
ویب سائٹ ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق بہت سے فٹبالرز اپنی جرابوں میں سوراخ اس وجہ سے کرتے ہیں تاکہ ٹانگوں کے پٹھوں (کاف مسلز) پر دباؤ نہ پڑے۔
جن کھلاڑیوں کی ٹانگیں جِم اور ٹریننگ کی وجہ سے مضبوط ہو جاتی ہیں وہ اپنی جرابوں میں سوراخ کرتے ہیں تاکہ میچ یا ٹریننگ کے دوران ٹانگ کے پچھلے حصے میں خون کی گردش متواتر ہو اور ٹانگ میں کریمپ نہ پڑیں۔
حالیہ دنوں میں سپین کی فٹبال لیگ ’لا لیگا‘ کی ٹیم ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی جیوڈ بیلنگھمم کی جرابوں کا تذکرہ اس وجہ سے ہوتا رہا ہے تاہم یہ ٹرینڈ نیا نہیں۔
ریئل میڈرڈ کے ساتھ پانچ مرتبہ چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل جیتنے والے گیرتھ بیل سنہ 2016 میں ایسا کرتے نظر آئے۔
ریئل میڈرڈ کے کوچ زنیڈین زیڈان نے اس بارے میں کہا کہ ’وہ (گیرتھ بیل) کھیلنے کو تیار ہیں اور یہی اہم بات ہے۔ اگر میں اُن کی جرابوں میں سوراخ کی بات کروں تو یہ اُن کا اپنا طرز عمل ہے۔‘
انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) کی ٹیم جمشیدپور فٹبال کلب کے ڈیفینڈر پراتیک چودھری اس بارے میں کہتے ہیں کہ ’کھلاڑی اس وجہ سے جرابوں میں سوراخ کرتے ہیں تاکہ کاف مسلز کو تکلیف نہ ہو کیونکہ ہم جو سٹاک (کِٹ) پہنتے ہیں وہ نیا ہوتا ہے اور سخت ہوتا ہے جس کی وجہ سے میچ کے دوران کریمپ پڑ سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وجہ سے کھلاڑی جرابیں پیچھے سے کاٹ دیتے ہیں تاکہ خون کی گردش ٹھیک ہو اور وہ آرام دہ محسوس کریں۔‘
انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی کائل واکر کا شمار بھی اُن فٹبالرز میں ہوتا ہے جنہیں جرابوں میں بڑے سوراخ کر کے کھیلتے ہوئے دیکھا جاتا ہے۔
اس بارے میں انہوں نے 2018 میں بیان دیا تھا کہ ’جرابیں بہت سخت تھیں جس کی وجہ سے میری ٹانگوں پر دباؤ پڑ رہا تھا۔ میں نے یہ دباؤ کم کرنا تھا۔ میں نے جرابوں میں سوراخ کر دیے اور پھر کچھ میچوں میں میں نے اچھا محسوس کیا۔ میں نے پھر سوچا کہ میں اب ایسا ہی کیا کروں گا۔‘

شیئر: