Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارسلونا کا میسی کی غیرموجودگی میں پہلا ٹائٹل، لیوانڈوسکی کو مزید ٹائٹلز جیتنے ہیں

رابرٹ لیوانڈوسکی پولینڈ کی فُٹ بال ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
فُٹ بال کلب بارسلونا نے اپنے روایتی حریف ریال میڈرڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر ’سپینش سپر کپ‘ جیت لیا ہے۔
اتوار اور پیر کی درمیانی شب کھیلے گئے میچ میں گاوی، رابرٹ لیوانڈوسکی اور پیڈری نے بارسلونا کی جانب سے ایک، ایک گول کیا۔
ریال میڈرڈ کی جانب سے واحد گول انٹرنیشنل فُٹ بال سے حال ہی میں ریٹائرمنٹ لینے والے فرانسیسی کھلاڑی کریم بینزیما نے سکور کیا۔
بارسلونا کی جیت اس وقت سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بنی ہوئی ہے اور کلب کا اپنا نام ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اب بارسلونا کا حصہ نہیں لیکن کلب کے ’سپینش سپر کپ‘ جیتنے کے بعد ان کا نام بھی ٹوئٹر ٹائم لائنز پر تواتر سے لیا جا رہا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ لیونل میسی کی موجودگی میں بارسلونا نے کئی بار بڑے کلب ٹورنامنٹس جیتے لیکن ان کی غیرموجودگی میں 23 سال میں بارسلونا کا یہ پہلا ٹائٹل ہے۔
خیال رہے لیونل میسی بارسلونا کو خیر باد کہنے کے بعد اب فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کا حصہ ہیں۔
ٹوئٹر پر ایک اور کھلاڑی جن کا ذکر لیونل میسی سے زیادہ کیا جا رہا ہے وہ ہیں رابرٹ لیوانڈوسکی جنہوں نے اس سیزن میں بارسلونا کے لیے 22 میچ کھیل کر 20 گول کیے۔
جرمن فُٹ بال کلب بایرن میونخ چھوڑ کر ہسپانوی کلب میں شامل ہونے والے پوش سٹارائکر رابرٹ لیوانڈوسکی کا ریال میڈرڈ کے خلاف فائنل جیتنے کے بعد کہنا تھا کہ ’میں یہ سوچ کر بایرن میونخ آیا تھا کہ میں یہ یہاں بہت سے ٹائٹلز جیتنے ہیں۔‘
خیال رہے رابرٹ لیوانڈوسکی پولینڈ کے کپتان بھی ہیں جو پچھلے سال بایرن میونخ چھوڑ کر ہسپتانوی کلب بارسلونا میں شامل ہوئے تھے۔

شیئر: