پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین شہریار خان انتقال کر گئے۔
سنیچر کو پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنے چیئرمین، بورڈ آف گورنرز اور ملازمین کے توسط سے، سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے آج صبح لاہور میں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ وہ 89 سال کے تھے۔‘
شہریار خان دسمبر 2003 سے اکتوبر 2006 اور اگست 2014 سے اگست 2017 تک پی سی بی کے چیئرمین رہے۔
شہریار خان نے 1999 کے دورہ انڈیا اور آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2003 کے دوران پاکستان کی قومی ٹیم کے ٹیم منیجر کے طور پر بھی کام کیا۔
وہ پاکستان کے سفارت کار بھی رہے۔ 1990 میں پاکستان کے سیکریٹری خارجہ بنے اور 1994 میں سروس سے ریٹائر ہونے تک اسی عہدے پر رہے۔