Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی یونیورسٹی میں خاتون کا خودکش دھماکہ، چار ہلاک

کراچی یونیورسٹی کے چینی زبان کے لیے قائم سینٹر ’کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ‘ کے قریب دھماکے میں تین چینی شہریوں سمیت چار افراد ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے انچارج راجا عمر خطاب نے تصدیق کی ہے کہ ’منگل کو کراچی میں ہونے والا دھماکہ خودکش تھا اور یہ ایک خاتون نے کیا۔‘
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’خودکش دھماکے کا ہدف غیرملکی شہری تھے۔‘
منگل کو کراچی پولیس چیف غلام نبی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وین دھماکے میں تین غیر ملکی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وین میں اساتذہ موجود تھے۔ ’زخمی افراد کا علاج ہو رہا ہے جبکہ لاشوں کو سرد خانے میں رکھا گیا ہے۔‘
پولیس چیف کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم کر رہے ہیں کہ واقعہ کیسے ہوا۔
حکام کے مطابق کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے قریب کھڑی وین میں دھماکہ ایک بج کر 52 منٹ پر ہوا۔
اس سے قبل ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے دھماکے میں چار افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہلاک افراد کی شناخت کے بارے میں ہسپتال سے معلوم کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنا بم ڈسپوزم سکواڈ کا کام ہے۔ ’دھماکہ خودکش تھا یا پلانٹڈ؟ تحقیقات سے پہلے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔‘
ان کے مطابق ’خاتون خودکش بمبار تھی یا نہیں یہ ابھی واضح نہیں، تحقیقات کر رہے ہیں۔‘
ایس پی گلشن عبدالخالق نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں اور ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ واقعہ حادثہ ہے یا تخریب کاری ہے۔

وزیراعلٰی سندھ نے چینی قونصل جنرل کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی یقین دہائی کرائی ہے۔ (فوٹو: وزیراعلٰی سندھ)

انھوں نے کہا کہ جائے وقوعہ پر پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موجود ہیں جو تحقیقات کر رہے ہیں۔
اس حملے کی ذمہ داری بلوچستان لیبریشن آرمی کی مجید بریگیڈ نے قبول کی ہے۔ بلوچستان لیبریشن آرمی کے مطابق پہلی بلوچ خاتون شاری بلوچ عرف برمش نے یہ خودکش حملہ کیا ہے۔
وزیراعلٰی سندھ کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات
وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے چینی قونصل جنرل سے ملاقات کی ہے اور ان کو کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے وین دھماکے کے حوالے سے بریف کیا ہے۔
وزیراعلٰی سندھ نے دھماکے کے نتیجے میں تین چینی شہریوں کی ہلاکت ہر افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی یقین دہائی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
کچھ سازشی عناصر کو پاکستان اور چین کی شراکت داری پسند نہیں، اس قسم کی سوچ اور کرداروں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔‘

شیئر: