’پاکستان کا ساتھ دیتے رہیں گے‘، امریکی صدر کا شہباز شریف کو خط
امریکی صدر کے خط میں وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار خط بھجوایا گیا ہے۔
جمعے کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ خط میں امریکی صدر نے وزیراعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق جو بائیڈن نے لکھا ہے کہ ’دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور امریکی عوام کی یقینی سلامتی کے لیے بہت اہم ہے۔‘
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔‘
’صحت عامہ، معاشی ترقی اور تعلیم سب کے لیے مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔‘
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’امریکہ پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لیے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے۔‘
امریکی صدر نے پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے نکلنے میں مدد دینے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
جو بائیڈن کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی رشتے کو بھی مزید مستحکم بنایا جائے گا۔