ریاض ریجن میں افطاری سے قبل حادثات میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا(فوٹو، اخبار 24)
سعودی ہلال الاحمرکی ریجنل ڈائریکٹر ’لطفیہ قواس‘ کا کہنا ہے کہ ریاض ریجن میں افطار سے قبل ٹریفک حادثات میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے لطفیہ نے مزید کہا کہ ہلال الاحمر کے امدادی یونٹس کو ٹریفک حادثات کے حوالے سے رمضان المبارک میں سب سے زیادہ چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے۔
افطاری سے قبل ہر شخص کو اپنی منزل پرپہنچنے کی جلدی ہوتی ہے جس کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہوتا ہے۔ لوگوں کو چاہئے کہ وہ صبر اور حوصلے سے کام لیں تاکہ مشکل صورتحال سے محفوظ رہا جاسکے۔
اعداد وشمار کے مطابق امسال افطاری سے کچھ دیر قبل ٹریفک حادثات کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ابتدائی طورپر کنٹرول روم کے آپریٹر کو موصول ہوتی ہے ۔ اطلاع وصول کرتے ہی فوری طورپر جائے حادثہ کا تعین کرنے کے بعد قریب ترین یونٹ کو وہاں پہنچنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
ہلال الاحمر کے کنٹرول روم میں موجود اہلکار حادثے کی نوعیت پہلے ہی دریافت کرلیتے ہیں اسے مدنظر رکھتے ہوئے طبی ٹیم کو حادثے کے بارے میں تمام جزئیات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ وہ فوری طبی امداد کے لیے درکار ادویات یا دیگر آلات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
ہلال الاحمر کی جانب سے ٹول فری نمبر 997 اور911 کے علاوہ توکلنا اور اسعفنی ایپ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس پر کسی بھی وقت رابطہ کیا جاسکتا ہے۔