Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکارہ رشمیکا مندنا ’اینیمل‘ کے دفاع میں بول پڑیں

کڑوا چوتھ کا وہ سین جس پر رشمیکا مندنا کو بہت زیادہ ٹرول کیا گیا۔ فوٹو: انسٹا رنبیر کپور
بالی وڈ سٹار رنبیر کپور اور رشمیکا مندنا کی فلم اینیمل چند ماہ قبل جب ریلیز ہوئی تو اس پر ملا جلا رد عمل دیکھنے کو ملا۔
فلم کی بہت زیادہ تعریف بھی ہوئی لیکن کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر سندیپ ریڈی وانگا نے اس کہانی میں خواتین کے خلاف تعصب بھرے رویے دکھائے ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق فلم کی ریلیز کے چار ماہ بعد ہیروئن رشمیکا مندنا نے فلم پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ فلم اینیمل ایک ایسے کردار کے بارے میں ہے جس کا ’دماغ خراب ہے اور وہ اپنے والد کی حمایت میں کسی حد تک بھی جا سکتا ہے۔‘
’اگر آپ ایسی فلم دیکھنا چاہتے ہیں جو حقیقت کے قریب ہو اور درست انداز میں سب دکھایا گیا ہو تو پھر اینیمل ایسی فلم ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’فلم دیکھنے کے بعد یہ کہنا کہ یہ خواتین کے خلاف تعصب پر مبنی ہے، اگر آپ نے فلم انجوائے کی ہے تو بس پھر یہیں تک رہنے دیں۔‘
فلم کی ہیروئن رشمیکا مندنا کا غالباً کہنا تھا کہ اگر دیکھنے والوں کو فلم اچھی لگی ہے تو پھر اس پر تنقید نہ کریں۔
رشمیکا مندنا نے انٹرویو میں ٹرولنگ کے حوالے سے بات کی جب فلم کے ایک سین پر انہیں بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اداکارہ کا خیال تھا کہ 9 منٹ طویل یہ سین ان کا بہترین شاٹ تھا لیکن جب فلم کا ٹریلر ریلیز ہوا جس میں یہ سین بھی موجود تھا تو سوشل میڈیا پر اس کی خوب ٹرولنگ ہوئی۔
’فلم سیٹ پر یہ سین سب کو بہت زیادہ پسند آیا تھا۔ وہ تالیاں بجا رہے تھے کہ اتنے بہترین انداز میں ہوا ہے۔ لیکن جب ٹریلر آیا تو اس سین میں سے مجھے صرف ایک مخصوص ڈائیلاگ پھر اتنا زیادہ ٹرول کیا گیا۔‘

اینیمل فلم پر تنقید تھی کی وہ خواتین کے خلاف تعصب پر مبنی ہے۔ فوٹو: رنبیر انسٹا گرام

رشمیکا مندنا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’مجھے لگ رہا تھا کہ میں نے 9 منٹ طویل سین کیا ہے اور سیٹ پر سب کو پسند آیا اور اسی سین پر لوگوں نے ٹرول کیا۔ کیا اپنے ہی اسی خیال میں رہ رہی تھی؟‘
’لوگوں نے سارا سین چھوڑ کر صرف ان 10 سیکینڈز پر غور کیا۔ تو میں کبھی بھی آئندہ زندگی میں ایسا تجربہ نہیں چاہتی کہ میں اپنے ہی کسی خیالوں میں رہ رہی ہوں۔ مجھے لوگوں سے بات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مجھے پتا چلے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔‘
اینیمل فلم یکم دسمبر 2023 کو ریلیز ہوئی تھی جس کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جس کا اپنے والد کے ساتھ ناخوشگوار تعلق رہا ہے۔
فلم میں وجے کا کردار رنبیر کپور نے ادا کیا ہے جو اپنے والد کو بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔
یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہوئی تھی اور دنیا بھر میں 900 کروڑ کی کمائی کی تھی۔

شیئر: