Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ڈپلومیٹک کوارٹر میں سوئس میوزک کنسرٹ کا انعقاد

سوئس گلوکار مارک ایمون مملکت میں پہلی بار میلا بیسن کے ساتھ پرفارم کریں گے۔ فوٹو عرب نیوز
سوئٹزر لینڈ کا سفارت خانہ ریاض میں فرانسیسی سفارت خانے اور الائنس فرانسیس کے تعاون سے 18 اپریل کو ڈپلومیٹک کوارٹر میں میوزک کنسرٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈپلومیٹک کوارٹر کے کلچر پیلس میں ہونے والی موسیقی کی اس محفل میں سوئس فنکار مارک ایمون اور میلا بیسن فرانسیسی زبان میں سوئس میوزک پرفارم کریں گے۔
سوئٹزرلینڈ میں 1982 میں پیدا ہونے والے مارک ایمون نے اب تک اپنی چار البمز جاری کی ہیں اور ان کی موسیقی جنوبی امریکہ، ایران، امریکہ اور افریقہ میں فرانسیسی بولنے والی سامعین تک پہنچ چکی ہے۔
ایمون نے 2006 اور 2013 میں سوئٹزرلینڈ کے شہر نیون میں ہونے والے پیلیو فیسٹیول سمیت مختلف کنسرٹس اور موسیقی کے پروگراموں میں پرفارم کیا ہے۔
دونوں سوئس فنکاروں نے حال ہی میں فرانسیسی زبان میں دیئے گئے اپنے خصوصی انٹرویو میں سوئس ثقافت سے اپنی محبت کے بارے میں بتایا ہے۔
مارک ایمون  کا کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کی ثقافت ہر جگہ متاثر کن ہے اور یہ فطرت کی حقیقت اور خوبصورت معیار کی نمائندگی کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میرے موسیقی کے شوق کو یورپی اور عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا 1890 کے ایک پرانے گانے سے مجھے پیار ہو گیا تھا اور  لگتا تھا کہ یہ خوبصورت نغمہ سوئٹزرلینڈ کے ورثے کا حصہ ہے۔
سوئس گلوکار مارک ایمون پہلی بار سعودی عرب میں میلا بیسن کے ساتھ پرفارم کریں گے۔
ایمون نے بتایا کہ ہم ایک شاندار آڈیٹوریم میں پرفارم کرنے جا رہے ہیں، یہ ایک خوبصورت ہال ہے جس میں بہترین ساؤنڈ سسٹم موجود ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں پیدا ہونے والے ایمون نے چار البمز جاری کی ہیں۔ فوٹو ایکس

میلا بیسن 2000 میں پیدا ہونے والی سوئس گلوکارہ اور نغمہ نگار ہیں جو 2019 میں مارک ایمون کے علاوہ سوئس سنگر جیریمی کسلنگ کے ساتھ پرفارم کر چکی ہیں۔
میلا بیسن نے بتایا ہے کہ مارک ایمون وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے میری موسیقی کو بہت سنجیدگی سے لیا اور اپنے تجربات کے ساتھ مجھے ایک آرٹسٹ بننے میں بھرپور مدد کی۔
سعودی عرب میں یہ میرا پہلا میوزک کنسرٹ ہے اور چاہوں گی کہ اس نئے ملک میں خاص جوش و جذبے سے پرفارم کر سکوں۔
میوزک کنسرٹ کا آغاز 18 اپریل کو شام 8 بجے ہو گا، ہال میں داخلہ ساڑھے سات بجے سے ہوگا، مفت داخلہ ٹکٹ ویب سائٹ https://dqa-et.e-ticket.app/events/9bac8509-623a-4696-b0ee-e1f988982f2a  سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
 

شیئر: