Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عوام اور افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے: کور کمانڈرز کانفرنس

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا کہنا ہے کہ ’مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کے لیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم قابل تشویش ہے۔‘
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا ہے کہ اِن بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام اور پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔‘
فورم نے اس بات پر زور دیا کہ ’قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات ایک وتیرہ بن چکا ہے۔‘
کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ’ہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اِس کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔‘ 
اس موقع پر کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے اس خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے بشام میں چینی شہریوں پر دہشت گردانہ حملے اور بلوچستان میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی۔
فورم کو بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ’یہ دہشت گرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات کے خلاف بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔‘
فورم کو بریفنگ دی گئی کہ کس طرح افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
فورم نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انڈین جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)

 فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔‘
فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔
فورم نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر فریقین نے فوری طور پر کشیدگی کو کم نہ کیا تو ایک وسیع علاقائی تنازع جنم لے سکتا ہے۔
فورم نے ملک میں پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول میں غیر قانونی سپیکٹرم، بالخصوص سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری اور تمام غیر قانونی تارکین کی محفوظ وطن واپسی کے خلاف بھرپور تعاون فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کی کہ ’آپریشنل تیاری اور مورال کے اعلٰی ترین معیار کو یقینی بنائیں اور تربیت کے اعلٰی معیار کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت حاصل کریں۔‘

شیئر: