Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مایوسی پھیلانے والے عناصر کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہو گا: آرمی چیف

آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کو خوف اور مایوسی پھیلانے والے عناصر کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہو گا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 76ویں یوم آزادی کے موقعے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کوئی ملک اور قوم ایسے چیلنجز سے نبرد آزما ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتے۔
ہمیں خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہو گا۔ یہ عناصر معاشرے میں نا امیدی پھیلانے کی ناکام کوششوں میں سرگرم ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام دو دہائیوں سے دہشت گردی کی ظالمانہ کارروائیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف ضرور کامیاب ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے پڑوسی ملک نے پاکستان کو آج تک دل سے تسلیم نہیں کیا۔ یہ ملک ہمیشہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ رہا ہے۔‘
آرمی چیف نے مزید کہا کہ کبھی بھی جارحانہ عزائم سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ ’دو ایٹمی قوتوں پر مشتمل یہ خِطہ ایسے جارحانہ عزائم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔‘
آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم اپنے دوستوں اور شراکت داروں سے تعلقات مزید گہرے کریں۔

شیئر: