Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں جمعرات اور جمعے کو بھی سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم

آن لائن تعلیم میں مزید دو دن کی توسیع کی گئی ہے( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں موسمی صورتحال کے باعث تمام وفاقی سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں جمعرات اور جمعے کو بھی تمام سرگرمیاں آن لائن ہوں گی۔
 اماراتی وزار کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’تمام سرکاری اداروں میں ملازمین گھروں سے کام کریں گے ان ملازمین کے علاوہ جن کی دفاتر میں موجودگی ضروری ہوتی ہے‘۔
دوسری طرف دبئی حکومت نے پرائیویٹ سکولوں میں آن لائن تعلیم میں توسیع کرتے ہوئے اسے جمعرات اور جمعے کو بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
علاوہ ازیں فلائی دبئی نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جزوی طور پر پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلائی دبئی نے موسمی صورتحال کے اثرات کے حوالے سے اپ ڈیٹ میں بتایا کہ ’دبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل 2 سے متعدد پروازیں روانہ ہوں گی۔ یہ پروازیں دبئی کے وقت کے مطابق بدھ کی  رات 8 بجے کے بعد دوبارہ شروع ہوں گی جبکہ ٹرمینل 3 سے پروازیں آدھی رات کے بعد دوبارہ شروع ہوں گی‘۔
فلائی دبئی کے ترجمان کا کہنا تھا’ امارات میں موجودہ موسمی حالات کے باعث مزید پروازیں منسوخ کی گئی ہیں‘۔
جن مسافروں کی بکنگ منسوخ کردی گئی ان سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ ان کے ٹکٹ مکمل طور پر واپس کیے جاسکیں۔

شیئر: