Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ ’کسی جارحانہ کارروائی میں ملوث نہیں‘: انٹونی بلنکن

جی سیون وزرائے خارجہ کا اجلاس اٹلی میں ہوا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی خبروں پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن ’کسی بھی جارحانہ کارروائی میں ملوث نہیں‘ ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اٹلی میں جی سیون وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل کے جوابی حملے کے بارے میں سوالات کا جواب دینے سے انکار کیا۔
دوسری جانب سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین جین پیئر نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے سے متعلق تبصرے سے گریز کیا۔
بلنکن نے اطالوی جزیرے کیپری پر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ان واقعات پر بات نہیں کریں گے اور صرف اتنا کہیں گے کہ جی سیون کے تمام ارکان کی توجہ کشیدگی کم کرنے پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کسی جارحانہ کارروائی میں ملوث نہیں ہے۔
اس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جی سیون کے میزبان اور اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ واشنگٹن کو حملوں کے بارے میں پیشگی اطلاع دے دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کو آخری لمحے میں مطلع کیا گیا تھا۔
جی سیون کے وزرا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم تمام فریقین پر کشیدگی روکنے کے لیے زور دے رہے ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا تھا ’اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں جاری خطرناک جنگی کارروائیوں کو روکنے کی اشد ضرورت ہے۔‘
ایران کی جانب سے اسرائیل پر سینکڑوں میزائل اور ڈرون داغے جانے کے بعد اسرائیل نے خبردار کیا تھا کہ وہ جوابی حملہ کرے گا۔

شیئر: