Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرسٹیز لندن میں ’آرٹ آف اسلامک اینڈ انڈین ورلڈز‘ کی نیلامی

نایاب ریشم سے تیارشدہ 40 سے زیادہ نادر قالین نیلامی میں رکھے جائیں گے۔ فوٹو عرب نیوز
لندن کے کرسٹیز نیلام گھر نے موسم بہار سیل کے عنوان سے آرٹ آف دی اسلامک اینڈ انڈین ورلڈز کے ساتھ ریشمی قالینوں کی فروخت کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اسلامک آرٹ سے متعلق مختلف اشیاء بشمول نادر قالین 25 اپریل کو برطانوی نیلام گھر کے لندن ہیڈ کوارٹر میں براہ راست نیلامی میں پیش کئے جائیں گے۔

نیلامی میں ایرانی روایات سے جڑی مصنوعات اور مصوری کے نمونے ہوں گے۔ فوٹو ایکس(کرسٹیز)

کرسٹیز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ رواں سیزن میں فروخت کے لیے 261 مخصوص اشیاء کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں چار منفرد نوادرات شامل ہیں۔
فروخت کے لیے رکھے گئے نمونوں میں 10 ویں صدی سے 20 ویں صدی تک ہونے والے دستکاری کے فنکارانہ انداز میں ہونے والے کاموں کی عکاسی کی گئی ہے۔
منفرد نوعیت کی اشیاء میں کئی نایاب پینٹنگز، سیرامکس، دھاتی مصنوعات، آرٹ ورک، قدیم اسلحہ، ٹیکسٹائل اور قالین بافی میں اسلامی روایات کا فن شامل ہے جو چین کو مغرب سے ملانے والے سلک روٹ کی یاد دلاتے ہیں۔
شاندار نیلامی میں متعدد نجی نوعیت کے کام شامل ہیں جن میں ابتدائی ایرانی سیرامکس کے ساتھ ساتھ فن کے ماہرین چارلس اور ریجینا سلیٹکن کے مجموعے کی فارسی و انڈین پینٹنگز جن میں بخارا کے معروف مصور محمود مظاہب کی پینٹنگ کا نادر تغرہ  رکھا گیا ہے۔

ٹیکسٹائل اور قالین میں اسلامی روایات سے متعلق اشیاء موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

نیلام گھر کے قالین سیکشن میں ’سلطان آف سلک‘ جارج فیرو کی کلیکشن رکھی گئی ہے جو 19 ویں صدی کے آخر اور 20 ویں صدی کے اوائل میں چالیس سال کے دوران آنجہانی جارج فیرو کے جمع کیے گئے ریشم کے قالین کی بہترین بُنائی کا مجموعہ ہے۔
برطانوی شہری جارج فیرو کے پاس مختلف قسم کے نایاب ریشم سے تیار کئے گئے قالینوں اور دیگر اشیاء کا ’وسیع ذخیرہ‘ موجود تھا۔
کرسٹیز نے اپنے بیان میں کہا ہے مجموعی طور پر 40 سے زیادہ باریک بنے ہوئے ریشمی قالین نیلامی میں رکھے جائیں گے۔

منفرد نوعیت کی اشیاء میں نایاب پینٹنگزاور آرٹ ورک موجود ہے۔ فوٹو عرب نیوز

کرسٹیز نیلام گھر میں موجود  اسلامک اینڈ انڈین آرٹ کی سربراہ سارہ پلمبلی نے بتایا ہے کہ رواں سال موسم بہار میں اسلامک اینڈ انڈین فن پارے پیش کرنے پر انتہائی خوشی ہے۔
دستیاب اشیاء میں قدیم آثار سے متعلق ایران کی فنی روایات سے جڑی مصنوعات کے علاوہ  صفوی ٹیکسٹائل اور مصوری کے علاوہ قرون وسطی کے مٹی کے برتن رکھے گئے ہیں۔
کرسٹیز میں بین الاقوامی قالینوں کے شعبے کے ذمہ دار سربراہ لوئیس براڈہرسٹ نے کہا ہے کہ نیلام گھر میں جارج فیرو کی کلکشن پیش کرنے پر ہم فخر محسوس کرتے ہیں موجودہ دور میں شاد ونادر ہی ایسے قالینوں کی مثال ملتی ہے۔
لندن میں آرٹ آف دی اسلامک اینڈ انڈین ورلڈز کے تحت ہونے والی نیلامی  سے قبل کرسٹیز نیلام گھر21 سے 24 اپریل تک عوام کے لیے کھولا جائے گا۔

شیئر: