Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وفد کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ، رُوٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے انتظامات پر تبادلہ خیال

وفد نے عازمین حج کے داخلے اور امیگریشن کی جگہ مختص کرنے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے دو رکنی وفد نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔
اتوار کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کراچی میں سعودی قونصلیٹ جنرل کے ہمراہ ان کے دورے کا مقصد ہوائی اڈے کی سہولیات کا معائنہ کرنا اور رُوٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے انتظامات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
وفد کی آمد پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قائم مقام ایئرپورٹ منیجر (اے پی ایم) کے علاوہ دیگر ایجنسیوں کے نمائندوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ اپنے دورے کے دوران اے پی ایم نے وفد کو ہوائی اڈے کی سہولیات کا ایک جامع دورہ کروایا اور وفد کو وہ راستہ دکھایا گیا جو عازمین حج کو مرکزی دروازے سے امیگریشن کے ایریا تک لے جائے گا۔
وفد نے عازمین حج کے داخلے اور امیگریشن کی جگہ مختص کرنے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔
دیگر اہم نکات جن پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں امیگریشن ہال مختص کرنے، پرائیویٹ عازمین حج، سرکاری اور پرائیویٹ سکیم کے عازمین کے درمیان فرق شامل تھا۔
اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حجاج پرواز سے کم از کم 5 گھنٹے قبل پہنچیں تاکہ ان کی روانگی سے قبل ضروری طریقہ کار اور تیاریوں کو یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر: