روضہ شریفہ کی زیارت کے طریقہ کار کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے: وزیرحج
15 ہزار سے زائد مختلف نوعیت کے معاہدوں پر اتفاق کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ’مسجد الحرام وہ مقام ہے جہاں دنیا بھر سے سالانہ کروڑوں زائرین کرام آتے ہیں‘۔
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر الربیعہ مدینہ منورہ میں عمرہ و زیارت فورم کے پہلے ایڈیشن میں خطاب کررہے تھے۔
کانفرنس کے انعقاد میں 28 سرکاری ادارے اور 3 ہزار سے زائد مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے شرکت کی۔ کانفرنس و نمائش میں 15 ہزار سے زائد مختلف نوعیت کے معاہدوں پر اتفاق کیا جائے گا۔
وزیر حج وعمرہ نے مزید کہا کہ’ روضہ شریفہ کی زیارت کے لیے طریقہ کارکو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ پچھلے دو برسوں میں 19 ملین سے زیادہ زائرین آئے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ’عازمین حج وعمرہ زائرین کو بہتر سے بہتر سہولت فراہم کرنے کےلیے 24 ممالک کا دورہ کیا تاکہ انہیں سہولتیں فراہم کرنے کےلیے درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے کے بعد جامع حل پیش کیا جاسکے‘۔
وزیر حج کا کہنا تھا’وزارت کے 3 ہزار سے زائد اہلکار عازمین کی مملکت آمد سے لے کر ان کی روانگی تک خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے‘۔