سعودی وزیر حج نے حرمین شریفین پویلین کا دورہ کیا
زائرین کو فراہم کی جانے والی اہم خدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی (فوٹو: سبق)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جدہ میں حج خدمات کی نمائش میں حرمین شریفین پویلین کا دورہ کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر توفیق الربیعہ مسجد الحرام و مسجد نبوی کے نگراں اعلی ادارے کے سربراہ بھی ہیں۔ انہیں پویلین میں زائرین کو فراہم کیے جانے والا آگہی لٹریچر دکھایا گیا۔
سعودی عرب کی جانب سے ضیوف الرحمن کو فراہم کی جانے والی اہم خدمات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
جدہ کے سپرڈوم میں حج و عمرہ و زیارت کانفرنس و نمائش کے ذریعے سرمایہ کاروں کو یہ موقع دیا جارہا ہے کہ وہ زائرین کے حوالے سے اپنی خدمات سے متعارف کرائیں۔
نمائش میں رہائش، ٹرانسپورٹ، غذائی اشیا سمیت مختلف ضروریات پیش کرنے والی کمپنیوں اور اداروں نے سٹالز لگائے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر عہدیدار مختلف خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں و اداروں کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کرکے حج زائرین کے لیے معاہدے کررہے ہیں۔