Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز کے خلاف مایوس کن کارکردگی، پاکستان ویمن ٹیم کی سلیکشن کمیٹی تحلیل

تین ون ڈے میچز کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیم نے پاکستان کو کلین سویپ کر دیا۔ (فوٹو: پی سی بی)
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے خلاف مایوس کن کارکردگی پر ویمن سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی ہے۔
ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان ویمنز ٹیم کو 3-0 سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی تھی جس کے بعد سے پاکستانی ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے۔
پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے پہلے مرحلے میں ویمن سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر کے 7 ممبران پر مشتمل نئی کمیٹی قائم کر دی ہے جس میں پچھلے پینل سے اسماویہ اقبال اور مرینہ اقبال شامل ہیں۔
ان کے علاوہ نئی سلیکشن کمیٹی میں سابق کرکٹ عبدالرزاق، اسد شفیق اور سابق بین الاقوامی کھلاڑی بتول فاطمہ شامل ہیں جبکہ عبوری ہیڈ کوچ پاکستان ویمن کرکٹ محتشم رشید، ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار بھی سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں شامل ہوں گی۔
پی سی بی کے مطابق چیئرمین محسن نقوی نے ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے بہترین کوچ کے انتخاب کے لیے احکامات جاری کیے ہیں اور نئی سلیکشن کمیٹی کو فوری ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی ہے۔
نئی سلیکشن کمیٹی کا فوری کام انگلینڈ کے آئندہ دورے کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا انتخاب کرنا ہوگا جہاں وہ 11 سے 29 مئی تک تین ٹی ٹوئنٹی اور آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کے تین میچز کھیلیں گی۔
واضح رہے ویسٹ انڈیز سے حالیہ 3-0 کی شکست کے باوجود، پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت 10 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ 2022-25 میں پانچویں پوزیشن پر ہے۔
اس چیمپئن شپ کی ٹاپ پانچ ٹیمیں، میزبان انڈیا کے ساتھ، آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گیں۔ باقی ٹیمیں ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔

شیئر: